تلگو دیشم پارٹی کے سینئرلیڈر جی مدوکرشنم نائیڈوچل بسے

مختلف قائدین کا اظہار دکھ، چندرا بابو نائیڈو نے سرکاری پروگرام ملتوی کردیئے

حیدرآباد ۔ 7 ؍ فروری (یواین آئی) مشہورسیاستداں تلگو دیشم پارٹی کے سینئرلیڈرو سابق وزیر جی مدوکرشنم نائیڈوچل بسے ۔ وہ کچھ دنوں سے صحت کی خرابی سے متاثرتھے اوران کا حیدرآباد کے پرائیویٹ اسپتال میں علاج کیا جارہا تھا۔ منگل کی رات دیرگئے انھوں نے آخری سانس لی۔ واضح رہے کہ گالی مدوکرشنم نائیڈو کا تعلق ریاست آندھراپردیش ضلع چتور، رام چندراپورم منڈل کے موضع وینکٹ رام پورسے تھا۔ ان کا جنم جون 1947کوہوا تھا۔سال 1983 میں وزیراعلی این ٹی راما راؤ کی خواہش پرانھوں نے تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیارکی تھی۔ وہ متحدہ آندھراپردیش میں ریاستی وزیربھی رہ چکے تھے اور وہ مسلسل 6 مرتبہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس نے کہاکہ وہ بلڈ پریشر ، بخار اورتنفس کے مسائل سے دوچار تھے ۔ان کی میڈیکل رپورٹس کے مطابق مدو کرشنم نائیڈو کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا۔ان کی موت کی اطلا ع پر اے پی کے وزیراعلی این چندرا بابونائیڈو نے ان کے خاندان کو پرسہ دیا اوران کی خدمات کو خراج پیش کیا۔مدو کرشنم نائیڈو کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔تلگودیشم لیڈرہری کرشنا ،تلنگانہ تلگودیشم لیڈر ایم نرسمہلواورتلنگانہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی نے بھی ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔دریں اثناء آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابا بونائیڈو نے پارٹی کے سینئر لیڈر وسابق وزیر جی مدوکرشنم نائیڈو کی موت پر اپنے سرکاری پروگرام ملتوی کردیئے۔ انہوں نے مدو کرشنم نائیڈو کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مدو کرشنم نائیڈو کی لاش کو حیدرآباد سے بذریعہ ہیلی ایمبولنس طیارہ تروپتی لانے کی اعلی افسروں کو ہدایت دی ۔وہ مدو کرشنم نائیڈو کو امراوتی میں بھرپور خراج پیش کریں گے اور ان کی نعش کا دیدار بھی کریں گے۔ چندرابابونائیڈو آج حیدرآباد کا دورہ کرنے والے تھے تاہم بتایا جاتا ہے کہ اس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔