غیر مسلموں میں اسلام کی تبلیغ پر صحافیوں کی ستائش
بانسواڑہ /20 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اس پرفتن دور میں ساری دنیا میں اسلام کو اور مسلمانوں کو بدنام کرنے اور اسلام کی شبیہ کو متاثر کرنے کے لئے نت نئے حربے استعمال کئے جا رہے ہیں اور اسلامی تعلیمات و مسلمانوں کی حرکات و سکنات کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کام میں ذرائع ابلاغ کا بہت بڑا حصہ رہا ہے، میڈیا کی جانب سے آئے دن ہونے والے مکروہ کاموں کو راست اسلام کے ماننے والوں سے جوڑ دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے مسلمان سارے ملک اور دنیا میں مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔ ایسے خطرناک ماحول میں معاشرہ کے ہر شعبہ بالخصوص صحافتی اداروں میں مسلمانوں کی موجودگی انتہائی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر جمعیۃ العلماء شاخ بانسواڑہ و امام و خطیب مدینہ مسجد جناب عبد الرقیب قاسمی اور صدر جمعیۃ الحفاظ بانسواڑہ حافظ عبد الوہاب نے اپنے مشترکہ پریس نوٹ میں کیا۔ انھوں نے تلگو روزنامہ ساکشی کے نظام آباد اسٹاف رپورٹر جناب فضل الرحمن اور بانسواڑہ اسٹاف رپورٹر جناب شیخ معین الدین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان صحافیوں نے رمضان المبارک میں تلگو روزنامہ ساکشی، جس کو برادران وطن کا ایک بڑا حصہ مطالعہ کرتا ہے، اخبار میں ’’رمضان ٹائمز‘‘ کے کالم میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلام کا پیغام، اسلام کے پانچ بنیادی ارکان جیسے توحید، نماز، روزہ، زکوۃ اور حج کا تفصیلی تذکرہ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح قرآن پاک کی تعلیم ساری انسانیت کے لئے راہ ہدایت، اللہ پاک کے آخری رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ اور ان کے احکامات رہتی دنیا تک کے لئے باعث رحمت جیسے عنوانات کا تذکرہ تلگو زبان میں انتہائی خوبصورتی کے ساتھ قابل فہم انداز میں شائع کیا جا رہا ہے، جو قابل ستائش اور قابل مبارکباد ہے۔