سنگاریڈی 14 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلگودیشم پارٹی ضلع میدک کا اجلاس سنگاریڈی میں بصدارت ششی کلا یادو ریڈی منعقد ہوا جس میں اے کے گنگا دھر، بٹی جگپتی، پی مانکیم، محمد بھائی، جی سرینواس، سید مسعود حسین صدر ٹاون ظہیر آباد، نروتم ظہیر آباد، پرتاب ریڈی ریاستی قائد تلگودیشم اور دیگر موجود تھے۔ ششی کلا یادو ریڈی صدر ضلع تلگودیشم نے کہا کہ 3 نومبر سے تلگودیشم کی رکنیت سازی مہم کا آغاز ہورہا ہے تمام قائدین و کارکنان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے تعلیمی اسکالر شپس و فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیمات کو موثر اندازمیں روبہ عمل لانے میں ناکام ہے غریب عوام کو اناج کی سربراہی میں ناکام، خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت برسر اقتدار آکر 4 ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن ایک بھی ترقیاتی کام انجام دینے میں ناکام ہے ۔ برقی بحران کے باعث موسم خریف کے کھڑی فصلوں کو نقصانات ہورہے ہیں جس کی ذمہ داری صرف حکومت ہے برقی بحران پر فوری قابو پایا جائے اور کسانوں کے مسائل کو جلد حل کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ اس خصوص میں محکمہ ٹرانسکو سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو بھی ایک یادداشت پیش کی جائے گی۔