تلگودیشم پارٹی کا چیلنج منظور

الزامات کے جوابات دیئے جائیں گے: ایٹالہ راجندر
کریم نگر۔/10مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس نے کہا ہے کہ اس کو کریم نگر تلگودیشم پارٹی کی جانب سے دیا گیا کھلے مباحث کا چیلنج قبول ہے۔ یہاںہوٹل گیتا بھون میٹنگ ہال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر سردار رویندر سنگھ اور دیگر ٹی آر ایس قائدین کارپوریشن نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس پریس کانفرنس میں قائدین سنیل راؤ، عارف، کرشنا، لنگیا، اشوک، پربھاوتی، رویندر ، ہری پرساد ، سیلم و دیگر موجود تھے۔ میئر سردار رویندر سنگھ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ تلگودیشم نے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کو چیلنج کیا ہے کہ صدر ضلع تلگودیشم رمنا راؤ کے الزامات کا جواب دینے کے لئے صرف ٹی آر ایس ضلع صدر کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مباحث کیلئے وقت اور مقام کا تلگودیشم انتخاب کرلے اور کہا کہ ٹی آر ایس کسی بھی مقام پر مباحث کے لئے تیار ہے اور ہم کو چیلنج منظور ہے۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ صدر ضلع تلگودیشم نے پلینری جلسہ عام کے لئے گرائنائیٹ کنٹراکٹرس سے دو کروڑ عطیات وصول کرنے، زرعی اغراض کے لئے ٹریکٹرس اور دیگر مشنریز کی خریدی میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے اس کو ثابت کرنا ہوگا اور اگر ٹی ڈی پی اس کو ثابت کردیتی ہے تب ٹی آر ایس قائدین اپنی ناک زمین پر رگڑیں گے بصورت دیگر تلگودیشم قائدین کو اپنے حلقہ پداپلی میں زمین پر ناک رگڑکر معافی مانگنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے جہاں کہیں بدعنوانی ہورہی ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ان قائدین نے یاد دلایا کہ ٹی ڈی پی برسوں اقتدار پر فائز رہی اور زراعت کو فضول اور غیر منافع بخش اور نقصان دہ پیشہ بتایا گیا اور اب اس پارٹی کو کسانوں سے اتنی ہمدردی کیوں حاصل ہورہی ہے؟۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ آج کسانوں کو بلاوقفہ 9گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ برقی کٹوتی کو دور کردیا گیا ہے جبکہ ٹی آر ایس کی دس ماہ کی کارکردگی سے تلگودیشم پارٹی خوفزدہ ہورہی ہے اور ریاست تلنگانہ میں پارٹی کا مستقبل خطرہ میں نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تیرہ حلقوں میں تلگودیشم کے امیدوار ناکام ہوئے ہیں اور یہ بات تلگودیشم کے لئے باعث شرم ہے۔ اس پارٹی کو سب سے کم ووٹ حاصل ہوئے ہیں ۔انہوں نے سوال کیا کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں تلگودیشم کہاں تھی؟ ٹی آر ایس نے وظیفہ کی رقم کو ایک ہزار سے بڑھا کر پندرہ سو کردیا،ضمانت روزگار کارڈ دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی پر کیچڑ اچھالنا الزامات لگانا آسان ہے ۔