حیدرآباد۔/10ڈسمبر، ( پی ٹی آئی) تلگودیشم لیڈر پی کے وینکٹپا نائیڈو اور 10دیگر کے مئی 2008 میں ہوئے سنسنی خیز قتل مقدمہ کے سلسلہ میں کرنول کی عدالت نے 21افراد کو آج سزائے عمر قید سنائی۔ کرنول کے ادونی ٹاؤن میں سیشن کورٹ نے اس مقدمہ کے دیگر 23ملزمین کو بری کردیا۔ سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ملزمین کی فہرست میں 46افراد کے نام شامل تھے۔ عدالت نے 21افراد کو مجرم قرار دیا ہے جن میں تین کی دوران سماعت ہی موت واقع ہوگئی۔ ایک مجرم دیواکر نائیڈو ہنوز مفرور ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ادونی ( سب ڈیویژن ) ڈی آر سرینواسلو نے بتایا کہ کلیدی ملزمین ایم نائیڈو اور وی پدمکا بھی مجرمین میں شامل ہے۔ ایک اور پولیس عہدیدار نے بتایا کہ عدالت کے فیصلہ کے بعد 17مجرمین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔17مئی 2008ء کو قاتلوں نے خالی ٹرک سے تیز رفتار جیپ کو ٹکر دے دی جس میں وینکٹپا نائیڈو سفر کررہے تھے کے بعد چند دیگر مجرمین جو وہاں پہلے سے موجود تھے انہوں نے تلگودیشم لیڈر پر کرووڈ بم پھینکے اور پھر درانتیوں سے حملہ کرکے انہیں ہلاک کردیا۔