خاتون نکسلائٹ نے دن دہاڑے دیدہ دلیرانہ حملہ کی قیادت کی تھی
وشاکھاپٹنم ۔ 24ستمبر (پی ٹی آئی ) آندھراپردیش پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وشاکھاپٹنم میں گذشتہ روز بشمول ایک رکن اسمبلی تلگو دیشم کے دو قائدین کی ہلاکت میں ملوث تین حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے اور کہا کہ سی پی آئی ( ماؤنواز) آندھرا اڈیشہ سرحدی کمیٹی کی ایک خاتون رکن نے حملہ آوروں کی قیادت کی تھی ۔ آندھراپردیش میں تقریباً 15سال بعد نکسلائٹوں کا یہ پہلا دیدہ دلیرانہ حملہ تھا جس کے عینی شاہدین کے بیانات کی بناء پر پولیس نے ان حملہ آوروں کی شناخت کی ہے ۔ اراکو کے تلگودیشم رکن اسمبلی کے سرویشور راؤ اور سابق رکن اسمبلی سیویری سوما کو ماؤنوازوں نے کل لبٹیپٹی گاؤں میں 50افراد کی موجودگی میں ان کے گن مینوں سے بندوق چھین کر گولی مار دی تھی ۔ ان دونوں کا تعلق درج فہرست قبائیل سے تھا ۔ پولیس نے کہاکہ ان تین حملہ آوروں میں جلا موری سرینو بابو عرف سنیل عرف رینو اڈاتیگلہ (مشرقی گوداوری ) ‘ کامیشوری عرف سوارپا عرف سندری چندری عرف رنکی بھیما ورم اور وینکٹ روی چیتنیہ عرف ارونا ( پنڈورتی منڈل وشاکھاپٹنم ) شامل ہے ۔