تلگودیشم رکن اسمبلی ایس وینکٹاویریا گرفتار

حیدرآباد 6 جولائی( سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام کی تحقیقات میںاینٹی کرپشن بیورو نے آج مزید پیشرفت کرتے ہوئے تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر سنڈرا وینکٹا ویریا کو گرفتار کرلیا ۔ ضلع کھمم کے ستو پلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے وینکٹا ویریا کو اے سی بی نے آج صبح اپنے دفتر واقع بنجارہ ہلز تحقیقات کے سلسلہ میں طلب کیا تھا اور شام 5 بجے ان کی گرفتار کا اعلان کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ اے سی بی نے گذشتہ دنوں تلگودیشم رکن اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے اے سی بی ہیڈ کوارٹر رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی لیکن خرابی صحت کا بہانہ بتاتے ہوئے وینکٹا ویریا نے اے سی بی عہدیداروں کے روبرو پیش ہونے سے گریز کیا تھا ۔ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں سنڈرا وینکٹا ویریا دوسرے رکن اسمبلی ہیں جسے اے سی بی نے گرفتار کیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس کیس کے کلیدی ملزم کوڑنگل کے رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی اور دیگر دو ملزمین ادوے سمہا اور برادر ہیری سبسٹین کی ضمانت منظور کی تھی جس کے سبب ان کی چرلہ پلی جیل سے رہائی عمل میں آئی تھی ۔ اے سی بی نے ریونت ریڈی کی ضمانت کو منسوخ کرنے کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا لیکن اے سی بی کو ناکامی ہاتھ لگی ۔ اے سی بی نے آج شام وینکٹا ویریا کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے انہیں کل عدالت میں پیش کئے جانے کی بات بتائی ۔ اس کیس میں تلگودیشم قانون سازکونسل کے امیدوار ویم نریندر ریڈی سے بھی اے سی بی نے پوچھ تاچھ کی تھی اور بعدازاں انہیں رہا کردیا گیا ۔