تلگودیشم حکومت کو یوم خواتین منانے کا حق نہیں : روجا

حیدرآباد ۔ 7مارچ ( این ایس ایس ) مشہور تلگو فلم اداکارہ اور وائی ایس آر کانگریس کی شعلہ بیان رکن اسمبلی روجا نے آج الزام عائد کیا کہ چندرا بابو حکومت میں خواتین محفوظ نہیں ہیں اور کہا کہ ایسی صورت میں حکومت آندھراپردیش کو عالمی یوم خواتین منانے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی ڈی پی لیڈر این بالا کرشنا اور نارا لوکیش کے پاس خواتین کا کوئی احترام نہیں ہے اور اس پارٹی کے چند دوسرے قائدین بھی اسی ذہنیت کے حامل ہیں ۔ روجا نے نندا موری بالا کرشنا سے مطالبہ کیا کہ ایک فلمی تقریب کے دوران خواتین کے بارے میں کئے گئے ناشائستہ ریمارکس پر معذرت خواہی کریں ۔ روجا نے کہا کہ ایک طرف تلگودیشم حکومت اور دوسری طرف اس پارٹی کے قائدین کی جانب سے خواتین پر مظالم روز مرہ کا معمول بن گئے ہیں ۔ ایک وزیر کے بیٹے نے حیدرآباد میں دن دہاڑے اور کھلے عام ایک خاتون سے بدسلوکی کی ۔ ایلورو میں ایک کمسن لڑکی اندومتی کو زندہ جلا دیا گیا ۔ رتیشوری کو خودکشی کیلئے مجبور کیا گیا ‘ ایک خاتون ایم آر او کو ایک رکن اسمبلی نے برسرعام ڈھکیل دیا ۔ روجا نے سوال کیا کہ ان حالات میں آپ ( چندرا بابو حکومت) کو یوم خواتین منانے کا کونسا اخلاقی حق پہنچتا ہے ۔