پارٹی سربراہ چندرا بابو نائیڈو کی مخالف تلنگانہ پالیسی اہم سبب
عادل آباد۔/2مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلگودیشم پارٹی عادل آباد اسمبلی حلقہ انچارج وامیدوار مسٹر پائل شنکر زائد از دو ہزار تلگودیشم پارٹی کارکنوں و منڈل صدور کے ہمراہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ مسٹر پائل شنکر نے حیدآباد سے نمائندہ سیاست محبوب خان کو فون پر بی جے پی میں شمولیت کی اطلاع دیتے ہوئے تلگودیشم پارٹی سے دستبردار ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے تلگودیشم کے سربراہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی تلنگانہ مخالف پالیسیوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ موصوف اپنے سینکڑوں حامیوں کی موجودگی میں ایک روز قبل تلگودیشم پارٹی کو اپنا استعفی پیش کرتے ہوئے ریاستی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی مسٹر کشن ریڈی سے ملاقات کی۔ حیدرآباد بی جے پی دفتر میں ریاستی قائد مسٹر کشن ریڈی نے تلگودیشم سے مستعفی قائد مسٹر پائل شنکر اور ان کے حامیوں کو پارٹی کھنڈوا پہناتے ہوئے پارٹی میں شامل کرلیا۔ مسٹر پائل شنکر کو عادل آباد حلقہ اسمبلی سے بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار تصور کیا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔ موصوف مارچ 2012ء کے ضمنی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی امیدوار کے طور پر عادل آباد حلقہ سے زائد از 25ہزار ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنا سیاسی مقام بنایا تھا۔
سماجی خدمات کی بناء پر موصوف کو ہر طبقہ میں اہمیت حاصل ہے۔ موسم گرما میں پینے کے پانی کی قلت کے دوران مستقر عادل آباد کے بیشتر محلہ جات جیند، بیلہ منڈل کے مختلف مواضعات میں تقریباً 8سال سے مفت پانی ٹینکروں کے ذریعہ فراہم کرنے اور شدید مرض میں مبتلاء غریب افراد کو جنہیں عادل آباد کے RIMS دواخانہ میں علاج کی سہولت حاصل نہیں انہیں دیگر مقامات حیدرآباد، ناگپور، ایوت محل منتقل کرنے مفت ایمبولنس سواریوں کا نظام گذشتہ دو سال سے بنائے ہوئے ہیں جس کے باعث موصوف ’’ شنکر انا ‘‘ کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ غیر معمولی مقبولیت کی بناء پر تلگودیشم پارٹی کے سربراہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ایک سال قبل اپنی پدیاترا کے دوران نرمل مستقر کے جلسہ میں 2014 کے انتخابات میں عادل آباد اسمبلی حلقہ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔عنقریب منعقد ہونے والے انتخابات میں مسٹر پائل شنکر بی جے پی کے ایک طاقتور امیدوار کے طور پر سیاسی میدان میں شامل رہیں گے۔ ایک ہفتہ کے دوران تلگودیشم پارٹی سے دو قائدین کی کنارہ کشی کی بناء پر ضلع تلگودیشم پارٹی میں سیاسی بحران پیدا ہوگیاہے۔