حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس نے اوڈیشہ کی پولیس کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آج صبح کی اولین ساعتوں میں روڑکیلا کے قریب انکاؤنٹر کے بعد 4 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ تمام پولیس کو شدت سے مطلوب تھے۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق ان چار دہشت گردوں کا تعلق سیمی سے بتایا گیا ہے جن کی شناخت امجد، ذاکر، فیصل اور محبوب کی حیثیت سے کی گئی ہے۔اس کارروائی میں 6دہشت گرد شامل تھے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ تمام چھ دہشت گرد 2013میں مدھیہ پردیش کی کھنڈوا سنٹرل جیل توڑ کر فرارہوگئے تھے۔ دیگر دودہشت گرد اعجاز اور اسلم بھی گزشتہ سال نلگنڈہ کے قریب ایک انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے تلنگانہ ڈی جی پی کو فون کرکے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے ان کی نگرانی میں انجام دی گئی پولیس کارروائی پر مبارکباد دی اور کہا کہ تلنگانہ پولیس کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ پولیس نے دہشت گردوں کے خطرناک منصوبوں کو ناکام بنایا ہے ۔ گورنر ای ای ایس نرسمہن اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے بھی تلنگانہ پولیس ملازمین کی ستائش کی اور اس کارروائی میں دہشت گردوں کی گرفتاری پر مبارکباد پیش کی۔