تلنگانہ یونیورسٹی کے ڈگری امتحانات کے نتائج کا اعلان

نظام آباد:28؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ یونیورسٹی کے ڈگری امتحانات کے نتائج کا اعلان وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر محمد اکبر علی خان نے آج شام آن لائن جاری کرتے ہوئے کیا۔ یہ امتحانات تلنگانہ یونیورسٹی اور اس کے تحت ملحقہ ڈگری کالجس میں مارچ؍اپریل میں منعقد ہوئے تھے تلنگانہ یونیورسٹی اور اس کے تحت ملحقہ کالجس میں چلائے جارہے کورسس بی اے ، بی کام اور بی ایس سی کے سال اول میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کا فیصد 26% رہا اور سال دوم میں کامیاب ہونے والے طلبہ کا فیصد بھی 26% رہا۔ جبکہ اس سال پہلی مرتبہ سال آخر کے بی اے ، بی کام اور بی ایس سی کے امتحانات تلنگانہ یونیورسٹی کے ہی تحت منعقد ہوئے تھے جس میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کا فیصد 33 رہا یونیورسٹی میں نتائج جاری کرنے کے موقع پر رجسٹرار تلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر آر لمبادری ، کنٹرولر آف اگزامنیشن پروفیسر نسیم ایڈیشنل کنٹرولر ڈاکٹر ناگراج ، پرنسپل یونیورسٹی کالج پروفیسر کنکیا اور دیگر ایڈیشنل و اسسٹنٹ کنٹرولرس موجود تھے اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر اکبر علی خان اپنے خطاب میں اس بات کو بتاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کو اس سال اس بات کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے کہ وہ اپنے پہلے بیاچ کے ڈگری امتحانات کے مکمل تینوں سالوں کے نتائج کا اعلان پہلی بار کررہی ہیں قبل ازیں سال گذشتہ تلنگانہ یونیورسٹی کے ڈگری سال آخر کے امتحانات عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت منعقد ہوئے تھے تاہم اس سال تلنگانہ یونیورسٹی اور اس کے تحت ملحقہ کالجس کے ڈگری کورسس بی اے ، بی کام اور بی ایس سی کے سال اول ؍ دوم کے ساتھ سال آخر کے امتحانات یونیورسٹی ہی کے تحت مارچ ؍ اپریل میں منعقد ہوئے تھے اس لئے یہ یونیورسٹی کے لئے پہلا موقع ہے کہ سال اول ؍ دوم کے ساتھ سال آخر کے نتائج بھی جاری کئے گئے ۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق تمام کورسس میں کامیاب ہونے والوں میں لڑکیوں کو لڑکوں پر سبقت حاصل رہی اس سال سال آخر میں شرکت کرنے والے جملہ 7687 طلبہ میں کامیاب ہونے والے طالبات 1403 کے ساتھ 37% رہا جبکہ طلباء 1080 کے ساتھ کامیابی کا فیصد% 27 رہا نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.telanganauniversity.ac.in پر دستیاب ہیں ۔ امیدوار اپنے مارک شیٹ مذکورہ سائٹس سے ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں۔