تلنگانہ یونیورسٹی کے تحت سارنگ پور میں بی ایڈ کالج کا قیام

سینئیر سٹیزنس ویلفیر سوسائٹی نظام آباد کے جلسہ سے نرساریڈی ایم ایل سی کا خطاب
نظام آباد:2؍ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)عالمی یوم معمرین کے موقع پر سینئر سٹیزنس ویلفیر سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام کلاسک فنکشن ہال میں جلسہ منعقد کیا گیا۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ارکلہ نرساریڈی ایم ایل سی، اعزازی مہمان شریمتی آکولہ سجاتا مئیر میونسپل کارپوریشن نظام آباد نے شرکت کی۔ خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے سوسائٹی کی 7سالہ کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی اور جلسہ کی کارروائی چلائی۔ عالمی سینئر سٹیزنس ڈے کی تقریب میں مسٹر ارکلہ نرساریڈی کی گلپوشی و شال پوشی سے ایم اے شکور صدر سوسائٹی کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی ۔ مہمان اعزازی مئیر آکولہ سجاتا کی گلپوشی و شال پوشی نائب صدر نرسیا نے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر سینئر اراکین سوسائٹی ، اُردو ،تلگو صحافیوں اور شہر کے مشہور اُردو شاعر کی گلپوشی وشال پوشی مہمان خصوصی و اعزای مہمان کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی۔سینئر اراکین میں سید علی، مانک رائو، اُردو و تلگو صحافیوں میں رفیق شاہی، سید اسد، جمال پور گنیش اور سائیلو شامل ہے ۔ مرحوم سرپرست اعلیٰ جناب تبسم فریدی صاحب کی یاد میں اُردو شاعر جمیل نظام آبادی کو تہنیت پیش کی گئی۔ ایم اے شکور صدر سوسائٹی اور خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے اپنے تقاریر میں سینئر سٹیزنس ویلفیر سوسائٹی نظام آباد کے آفس کے لئے حکومت کی جانب سے جگہ کی فراہمی، ویمنس، ڈگری کالج، گورنمنٹ بی ایڈ کالج، گری راج کالج میں متوازی بی ایس سی سائنس گروپ کے سکشن اور گرلس جونیئر کالج مالاپلی نظام آباد بلڈنگ میں اُردو میڈیم کلاس کو منتقل کرنے کی نمائندگی کی۔ معمرین کو آرٹی سی بس میں 50 فیصد رعایت دینے کی اور وظیفہ یاب افراد کو ہیلت کارڈ اور HRA منظور کروانے کی نمائندگی کرنے کیلئے گذارش کی۔ مہمان خصوصی نے اپنے تقریر میں ویمنس ڈگری کالج کے قیام کا سروے مکمل ہونے، بی ایڈ کالج تلنگانہ یونیورسٹی کے تحت سارنگ پور مقام پر منظور ہونے کی تالیوں کی گونج میں اعلان کیا اور مہمان نے سوسائٹی کی بلڈنگ کیلئے سابقہ 2لاکھ روپیوں کے علاوہ مزید اور 2لاکھ روپیوں کے عطیہ کا اعلان کیااور آگے بھی سوسائٹی کی بھلائی کیلئے تعاون کا یقین دلایا۔ اعزازی مہمان شریمتی آکولہ سجاتا نے اپنی طرف سے اراضی کی فراہمی جیسے مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ احمد عبدالعظیم سرپرست اعلیٰ نے اپنی تقریر میں بڑوں کی عزت کرنے کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں منظور احمد، مقصود عالم نائب صدور، ایم اے جلیل، محمد اعجاز الدین سکریٹریزاراکین عاملہ، اراکین سوسائٹی اور دیگر احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے اجلاس کو کامیاب بنایا۔ تقریب کی تیاری بشیر الدین نائب صدر، فیاض الدین فینانس سکریٹری، غوث الدین، ایم اے سمیع، غلام امتیاز علی خان جوائنٹ سکریٹریزاور محمد معین الدین اسسٹنٹ فینانس سکریٹری نے کی ۔ ایم اے جلیل سکریٹری کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام بھی عمل میں آیا۔