تلنگانہ یونیورسٹی میں محدود نشستوں پر داخلے جاری

 

نظام آباد : 29؍ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کی اطلاع کے بموجب ایم اے اردو سال اول میں میرٹ کی بنیاد پر محدودنشستوں پر راست داخلے جاری ہیں۔ ایسے طلباء و طالبات جو بی اے‘ بی ایس سی اور بی کام میں بطور زبان دوم اردو‘ عربی‘ فارسی پڑھ چکے ہوں داخلے کے اہل ہیں۔ ایم اے اردو کے نصاب میں الکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور کمپیوٹر کورس بھی شامل ہیں جن سے طلباء کو حصول روزگار میں آسانی ہوگی۔ ایم اے اردو سے فارغ التحصیل طلباء اپنا مستقبل پرنٹ و الکٹرانک میڈیا کے علاوہ کمپیوٹر کے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔ داخلہ لینے والے طلبہ کو اسکالرشپ کی رہنمائی کی جائے گی۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات کیلئے ہاسٹل کی سہولت موجود ہے۔ داخلہ کے خواہشمند طلباء اپنے اصل اسنادات کے ساتھ شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی سے رجوع ہوں۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 9849098054‘ 9948493729 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ یونیورسٹی طلبہ کیلئے نظام آباد بس اسٹانڈ سے یونیورسٹی کمیپس تک صبح و شام بس کی سہولت موجود ہے۔

 

بلدی مزدوروں کی تنخواہوں میں
اضافہ کا مطالبہ
کریم نگر۔/29جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدی گرام پنچایت کے مزدوروں ، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا سی پی ایم ضلع سکریٹری جی مکند ریڈی نے مطالبہ کیا۔ ضلع مستقر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مکند ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بلدی مزدور پریشان ہیں، انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ بلدی مزدوروں و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 13ہزار کردیا جائے۔