تلنگانہ یوم تاسیس جشن کا کل بڑے پیمانے پر اہتمام

تاریخی عمارتوں پر روشنی کا انتظام،کلچرل پروگرامس، 15کروڑ روپئے جاری
حیدرآباد۔/31مئی، ( این ایس ایس ) تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کا ریاست کے علاوہ دہلی اور بعض دیگر ممالک میں شاندار پیمانہ پر انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر سیاحت و ثقافت اے چندو لال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2 جون سے تین دن کیلئے یہ جشن منایا جارہا ہے اور حکومت نے اس کے لئے 15 کروڑ روپئے کی رقم جاری کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں وسیع انتظامات کئے گئے ہیں اور تاریخی عمارتوں، یادگاروں، دفاتر کو روشنی سے منور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ تاسیس کی تقاریب امریکہ، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، دبئی، کویت، دہلی، ممبئی، سورت، کولکتہ اور دیگر مقامات پر بھی تلنگانہ تنظیموں کے تعاون سے منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ حیات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 53 شخصیتوں کو ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں ایوارڈس کی تقسیم عمل میں آئے گی جبکہ اضلاع میں 341 شخصیتوں کو وزراء اور متعلقہ نمائندے ایوارڈز پیش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ایوارڈز کی پیشکشی کیلئے2,26,36000 روپئے کی رقم خرچ کررہی ہے جن میں ریاستی سطح کے ایوارڈز کیلئے 1.16 لاکھ روپئے اور ضلع سطح کے ایوارڈز کیلئے 51000 روپئے دیئے جائیں گے۔ سہ روزہ جشن کے دوران مختلف تہذیبی پروگرامس بشمول کلاسیکی رقص، قوالی، کوی سمیلن، جیہ جیہ ہے تلنگانہ، صوفی رقص، غزل اور دیگر پروگرامس رویندرا بھارتی کے علاوہ دیگر مقامات پر منعقد ہوں گے۔ پیپلز پلازہ پر تلنگانہ فوڈ فیسٹیول کا اہتمام کیا جائے گا۔ کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن اور شلپا کلا ویدیکا کو 3D میاپنگ کے ساتھ سجانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔