تلنگانہ یوم تاسیس تقریب میں مودی کو مدعو کیا جائیگا

وسط جون میں یوم تاسیس تقاریب کا انعقاد متوقع : ونود کمار کا بیان
نئی دہلی 31 مئی ( پی ٹی آئی ) ٹی آر ایس کی جانب سے تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے کے چندر شیکھر راؤ کی حلف برداری میں وزیر اعظم کو مدعو نہ کرنے کے تنازعہ کے دوران تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے آج کہا کہ وہ نریندر مودی کو یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب میں مدعو کریگی جو امکان ہے کہ وسط جون میں ہوسکتی ہیں۔ ٹی آر ایس پولیٹ بیورو کے رکن و رکن پارلیمنٹ مسٹر بی ونود کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ چندر شیکھر راؤ دہلی کا دورہ کرینگے اور وہ وزیر اعظم کو تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کی دعوت دینگے ۔ چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے دو ایک دن میں دہلی کا دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو تشکیل شدہ ریاست تلنگنہ کی یوم تاسیس تقاریب امکان ہے کہ وسط جون میں منعقد کی جائیں گی

جس میں نریندر مودی کو مدعو کیا جائیگا ۔ تلنگانہ 2 جون کو علیحدہ ریاست بن جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ جب تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکومت تشکیل پا جائیگی تو پھر یوم تاسیس تقاریب کی تاریخ کا تعین کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ تقاریب وسط جون تک منعقد ہوں کیونکہ اس وقت تک اسکولس بھی کھل جائیں گے ۔ اس طرح سے طلبا بھی یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کرسکیں گے ۔ وزیر اعظم کو تلنگانہ حکومت کی حلف برداری تقریب میں مدعو نہ کرنے پر تنازعہ پیدا ہوا تھا کیونکہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کی تقریب میں چندرا بابو نائیڈو نے شخصی طور پر وزیر اعظم کو مدعو کیا ہے ۔ علاوہ ازیں چندر شیکھر راؤ نے مرکز کے اس آرڈیننس کی بھی مخالفت کی تھی جس کے ذریعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم کے کچھ منڈلوں کو آندھرا پردیش کو منتقل کردیا گیا ہے تاکہ پولاورم پراجیکٹ پر کام ہوسکے ۔