مفاد پرست پارٹیوں کو مسترد کرنے عوام سے خواہش ، نلگنڈہ میں کے سی آر کا خطاب
نلگنڈہ۔ 4 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کی ترقی اور تلنگانہ عوام کی عزت نفس کی بقاء کیلئے عظیم اتحاد کو شکست دیا جائے۔ طویل جدوجہد کے بعد حاصل کردہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے دوبارہ ٹی آر ایس کو اقتدار سونپا جائے۔ ان خیالات کا اظہار کارگذار چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج شام متحدہ ضلع نلگنڈہ میں اپنے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ، تلنگانہ کے عوام کو آندھرائی قائدین کا غلام بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگو دیشم پارٹیوں کے دور اقتدار ہی میں ضلع کو پسماندہ بنایا گیا۔ فلورائیڈ سے متاثرہ علاقوں کو صاف و شفاف پینے کے پانی کی سربراہی میں ناکام یہاں کے قائدین نے صرف اپنے عہدوں کیلئے اہم عوامی مسئلہ کو نظرانداز کردیا تھا جبکہ ٹی آر ایس پارٹی نے اقتدار پر آنے کے بعد فلورائیڈ سے متاثرہ علاقوں کو صاف و شفاف پانی کی سربراہی کیلئے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجیکٹس تعمیر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے کالیشورم پراجیکٹ اور دیگر پراجیکٹس کے خلاف عدالت میں 196 درخواستیں پیش کی گئیں۔ انہوں نے اس موقع پر ٹی آر ایس حکومت کے مختلف ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ چار سال تک مرکز کی بی جے پی حکومت کا ساتھ دینے والی جماعت صرف اپنے مفاد کی خاطر تلنگانہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور کانگریس پارٹی بھی صرف اپنے مفاد کی خاطر ایسی جماعتوں سے اتحاد کررہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اتحاد کو مسترد کردینے کی عوام سے خواہش کی۔ قبل ازیں چیف منسٹر اپنے مقررہ وقت سے دو گھنٹے تاخیر سے پہونچے۔ اس جلسہ کو کارگذار وزیر برقی جگدیش ریڈی، گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی اور دیگر نے بھی مخاطب کیا۔