تلنگانہ کے نوجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش

ورنگل۔ یکم اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنہرے تلنگانہ کا خواب دیکھتے ہوئے اپنی جانوں کو قربان کرنے والے تلنگانہ کے شہیدوں کو ہم کبھی بھول نہیں سکتے۔ یہ نوجوانوں کی قربانیوں نے ہمیں علیحدہ ریاست تلنگانہ میں سانس لینے کا مواقع فراہم کیا۔ تلنگانہ ریاست ، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری ہنمکنڈہ امبیڈکر بھون میں شہداء تلنگانہ کے افراد خاندان میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی مالی امداد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع ورنگل کے 88 شہداء تلنگانہ میں فی کس 10 لاکھ روپئے کے حساب سے تلنگانہ حکومت نے 8.80 کروڑ روپئے کے چیکس تقسیم کئے ۔ ضلع کلکٹر واکٹی کرونا کی صدارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ گزشتہ 60 سال کی جدوجہد، یہ نوجوانوں کی قربانیوں اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں چلائی گئی تحریک تلنگانہ کی وجہ سے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست بنے گی یا نہیں، اس مسئلہ پر سینکڑوں نوجوانوں نے چلتی ٹرین کے سامنے چھلانگ لگاکر اپنی جان قربان کردی۔ کئی نوجوانوں نے خود پر کیروسین چھڑک کر آگ لگالی اور بعض نے زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے تلنگانہ کی تائید میں اپنی قیمتی زندگیوں کو نچھاور کردیا جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے عنقریب ان متاثرین میں 3 ایکڑ اراضی کی فراہمی کے عمل کی تکمیل بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا، ریاستی وزیر سیاحت اجمیرا چندولال ، ارکان اسمبلی شنکر نائیک، آر رمیش، آر ڈی او شوبھا، تحصیلدار، وی آر او اور دیگر موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے یادگار شہیدان صوبیداری جاکر شہدائے تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی منائی۔