تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بہتر بارش سے کسانوں میں مسرت کی لہر

حیدرآباد 31اگست (یواین آئی )تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران بہتر بارش سے کسانوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔اس بارش کے ساتھ ہی کسانوں نے موسم خریف کے دوران زرعی سرگرمیوں میں شدت پیداکردی ہے ۔ایک ہفتہ کے دوران معمول سے 71فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔کومرم بھیم،منچریال،نرمل ،نظام آباد، جگتیال ، راجناسرسلہ ،میدک ، پداپلی میں 21تا35فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس پر کسانوں نے مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس سے اس مرتبہ زرعی سرگرمیوں میں اضافہ ہوجائے گااور توقع ہے کہ فصل بھی بہتر ہوگی۔اس مرتبہ بہتر بارش پر کسانوں نے مختلف قسم کی فصلیں اگانے کافیصلہ کیا ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ ریاست میں تین ستمبر سے کہیں کہیں شدید بارش ہوگی۔