تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب کیخلاف آج طلبہ کی عثمانیہ یونیورسٹی تا گن پارک ریالی

طلبہ کیساتھ ناانصافی کا الزام ، تعلیم پر حکومت کا کمزور موقف ، حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے
حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے 2 جون کو ریاست تلنگانہ کے پہلے یوم تاسیس کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور طلبہ کی جانب سے حکومت کی تقاریب کے برخلاف 2 جون کو جامعہ عثمانیہ سے گن پارک تک ریالی منظم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب کا انعقاد ریاست گیر سطح پر کیا جارہا ہے لیکن طلبہ برادری میں حکومت کے خلاف سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ تلنگانہ ودیارتھی سمیتی، تلنگانہ اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن، ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس یونین کے علاوہ دیگر تنظیموں نے 2 جون کو جامعہ عثمانیہ تا گن پارک ریالی منظم کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ طلبہ نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت سرکاری ملازمتوں کے اعلامیہ کے مطابق غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ علاوہ ازیں جامعہ عثمانیہ کی اراضی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ طلبہ قائدین نے حکومت سے استفسار کیا کہ حکومت آخر کس بات کا جشن مناتے ہوئے تقاریب منعقد کررہی ہے جبکہ ایک سال کے دوران حکومت نے ریاست کی جامعات میں مستقل وائس چانسلرس کا تقرر تک نہیں کیا ہے۔ طلبہ نے مزید کہا کہ حکومت طلبہ کو سہولتوں کی فراہمی کے بجائے طلبہ کیلئے موجود مواقع ختم کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اتنا ہی نہیں حکومت نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے منصوبے کو قابل عمل بنانے کے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ طلبہ تنظیموں کے قائدین نے بتایا کہ حکومت ریاست میں تعلیمی ترقی اور مختلف جامعات کو درکار فنڈس کی اجرائی میں ناکام ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں سال گزشتہ جو وعدے کئے گئے تھے، ان میں کسی ایک کو بھی پورا نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ منایا جانا مضحکہ خیز ہے چونکہ ریاست تلنگانہ کے حصول میں سب سے بڑا حصہ طلبہ کی قربانیوں کا ہے اور تشکیل تلنگانہ کے بعد پہلے سال میں ہی طلبہ ناانصافیوں کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کا مرکز تصور کی جانے والی جامعہ عثمانیہ کی اراضی خطرے میں ہے۔ حکومت خود اس جامعہ کی اراضی کو حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ اسی لئے طلبہ تنظیموں کی جانب سے 2 جون کو جامعہ عثمانیہ سے گن پارک روبرو اسمبلی تک ریالی منظم کرتے ہوئے حکومت کی نااہلی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔