سوریا پیٹ۔/5ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر تعلیم و رکن اسمبلی سوریا پیٹ جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ وہ آج یہاں مجلس بلدیہ سوریا پیٹ میں صدر نشین بلدیہ کے چیمبر کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹاؤنس و بلدیات کی جنگی خطوط پر ترقی کیلئے اپنی خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد شہر سوریا پیٹ کو ماڈل و اسمارٹ شہر میں تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات کا ادعاء کیا کہ سوریا پیٹ کو ضلع کا موقف دیتے ہوئے مثالی شہر بنایا جائے گا۔ ریاستی وزیر جی جگدیش ریڈی نے اس موقع پر چیرپرسن و عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹال مٹول سے کام نہ لیں بلکہ مسائل پر فوری توجہ مبذول کرتے ہوئے مسائل کو حل کریں اور عوام کی شکایتوں کی جلد از جلد یکسوئی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر عہدیدار اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائے تو بہت جلد تلنگانہ سنہرے روپ میں بدل جائے گا۔ اس موقع پر چیرپرسن بلدیہ گنڈوری پرویلیکا پرکاش نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے آپ کو عوام کی خدمت کے لئے وقف کردوں گی اور ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی۔ انہوں نے صدر نشین کیلئے ان کے انتخاب پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر کمشنر بلدیہ سی ایچ ناگیشور راؤ ، عہدیداران، قائدین گنڈوری پرکاش، ایس سرینواس گوڑ، ایم سرینواس ، طاہر ، مستان، اکبر ، خالد، متین ، ریاض، کرناکر ، بھاندو جئے کمار و دیگر موجود تھے۔