’’تلنگانہ کیلئے خون کا آخری قطرہ بہادونگا‘‘

عوامی مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر بھی آنے تیار: پون کلیان

کریم نگر۔/24جنوری، ( سیاست ڈسٹرک نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ انتہائی ذمہ دارانہ طرز پر خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن بعض قائدین انہیں خواہ مخواہ پریشان کررہے ہیں جو ایک پریشان کن معاملہ ہے۔ پون کلیان نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ میرے بھائی چرنجیوی بھی کانگریس قائد ہیں انہیں خیال رہنا چاہیئے، وہ آندھرا میں ہی گھوم رہے ہیں تلنگانہ کیوں نہیں آرہے ہیں۔ تلنگانہ کیلئے میں خون کا آخری قطرہ بھی بہا دوں گا، پون کلیان نے بڑے جذباتی انداز میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست نومولود بچہ ہے اس کی حفاظت ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ کے سی آر کی شخصیت مجھے پہلے ہی سے پسند ہے لیکن حالات اور موضوعات پر ان کے ساتھ بھی اعتراض و مخالفت کی جائے گی۔ دونوں تلگو ریاستوں کے مختلف حالات میں تلنگانہ ہو یا آندھرا اخلاقی اور سچائی پر مبنی سیاست کیلئے وہ ہمیشہ تیار رہیں گے۔ عوامی مفاد پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا چاہے وہ جو کوئی بھی ہوں مخالفت کی جائے گی اس معاملہ میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹایا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر احتجاج بھی کیا جائے گا۔ پون کلیان نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے بھی وہ تیار رہیں گے۔2019 چناؤ میں جنا سینا تلنگانہ مقابلہ میدان میں آنے کا حوصلہ رکھے گی۔ اس موقع پر پون کلیان کے حامیوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور ان سے ہاتھ ملانے کیلئے دوڑ پڑنے کے درمیان کچھ لوگ معمولی طور پر زخمی ہوکر گرپڑے ۔اس موقع پر پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے قابو پالیا۔