پڑوسی ریاستوں سے گانجہ کی بھاری مقدار میں درآمد تشویشناک چیف منسٹر کے سخت موقف کے بعد پولیس سرگرم
حیدرآباد /8 اگست ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کو نشہ سے پاک کرنے ڈرگ اور گانجہ کے خاتمہ کا سرکاری خواب کیا شرمندہ تعبیر ہوگا یا پھر کوئی چیز اس میں رکاوٹ ثابت ہوگی ۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ ریاست ہی میں گانجہ کی پیداوار ہو رہی ہے ۔ نہیں تو پھر گانجہ جو حالیہ دنوں پولیس اور مختلف ڈپارٹمنٹس کی کارروائی میں ضبط کرلیا گیا اس مقدار سے خود سرکاری مشنری حیرت میں ہے اور ریاست تلنگانہ میں ضبط شدہ گانجہ جو تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کو منتقل کیا جارہا ہے پولیس نے اس کا پتہ چلا لیا کہ یہ گانجہ ریاست آندھراپردیش کے وائزاگ کے علاوہ دیگر پڑوسی ریاستوں سے برآمد کیا جارہا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے احکامات کے بعد تقریباً ہر محکمہ نے انٹلی جنس اکسائز ریونیو پولیس ریلوے پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گذشتہ ایک ماہ کے دوران کی گئی کارروائی میں جو محکمہ اکسائز کی جانب سے کی گئی گانجہ کے 96 مقدمات درج کئے گئے ۔ اس کارروائی میں 70 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 1136 کیلو گانجہ کو ضبط کیا گیا ۔ جبکہ بتایا جارہا ہے کہ ریاست میں گانجہ کی پیداوار نہیں ہو رہی ہے ۔ یہ سب بیرونی ریاستوں سے درآمد کیا جارہا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست میں گانجہ کی کوئی پیداوار نہیں ہو رہی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں منشیات کے واقعات منظر عام پر آنے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے سخت انداز میں نشہ آور اشیاء کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی تھی ۔ جس کے بعد پولیس اور دیگر محکموں نے حرکت میں آتے ہوئے اقدامات کا آغاز کیا ۔ ریاست تلنگانہ میں محکمہ اکسائز کے علاوہ محکمہ ریلوے کی جانب سے سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے تمام ایسے مقدمات و راستوں کا احاطہ کرلیا جن راستوں سے ریاست میں گانجہ منتقل کیا جارہا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کبھی سرخیوں میں نہ رہنے والی ریلوے پولیس بھی اپنی کارکردگی کا سینہ پیٹنے لگی اور ایک ماہ کے عرصہ میں ریلوے پولیس نے 10 مقدمات درج کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کرلیا اور 510 کیلو گانجہ بھی اپنی کارروائی میں ضبط کیا گیا ۔ محکمہ اکسائز کی جانب سے 7 مقدمات اور 10 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 400 کیلو گانجہ ضبط کرلیا گیا ۔ گانجہ کی ریاست میں منتقلی اور اس کی روک تھام و انسداد کیلئے جاری اقدامات بالخصوص تلاشی مہم اور کارروائیوں کا پولیس کے اعلی عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں ۔ پولیس کے اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور سابق میں درج مقدمات اور حالات کو دیکھتے ہوئے کارروائی کی جارہی ہے ۔ سابق میں تھیلوں کے اندر گانجہ کو منتقل کیا جاتا تھا ۔ لیکن اب اسمگلرس نے اپنے طریقہ کار کو بدل دیا ہے اور اب چھوٹے چھوٹے ریاکس تیار کرتے ہوئے گانجہ منتقل کیا جارہا ہے ۔ تینوں کمشنریٹ حیدرآباد سائبرآباد اور رچہ کونڈہ حدود میں ڈرگس کے ساتھ ساتھ گانجہ کا بھی چلن زوروں سے جاری ہے ۔ گذشتہ جون سے حالیہ جولائی تک تینوں کمشنریٹ حدود میں کل 160 مقدمات درج کئے گئے اور 175 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 6780 کیلو گانجہ ضبط کیا گیا صرف ایک رچہ کونڈہ کمشنریٹ حدود ہی میں 4 ہزار کیلو گانجہ ضبط کیا گیا ۔ حیدرآباد کے حدود میں 2038 کیلو گانجہ ضبط کرلیا گیا ۔ بڑے پیمانہ پر کارروائی کے باوجود پولیس نے چوکسی اختیار کی ہے ۔ ایک اعلی عہدیدار کے مطابق چوکسی بڑھادی گئی ہے اور ریاست میں گانجہ کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں ۔