حیدرآباد /8 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کانگریس قائدین کل حلقہ اسمبلی کاما ریڈی کا دورہ کرکے کسانوں سے ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے انھیں خودکشی نہ کرنے کا مشورہ دیں گے۔ واضح رہے کہ کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کی قیامگاہ پر تلنگانہ کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے کے بعد اضلاع کے دورہ کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں موجود نائب صدر پردیش کانگریس محمد علی شبیر نے پہلا دورہ حلقہ اسمبلی کاما ریڈی سے شروع کرنے کی تجویز پیش کی، جس سے تمام قائدین نے اتفاق کیا۔ 9 اکتوبر کو پنالہ لکشمیا، قائد اپوزیشن کے جاناریڈی، سینئر قائد ڈی سرینواس، محمد علی شبیر اور دیگر قائدین کاما ریڈی کے منڈل دوما کنڈہ اور بھکنور کا دورہ کرتے ہوئے پریشان حال کسانوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے اور انھیں ہم نہ ہارنے کا مشورہ دیں گے۔ ذرائع کے بموجب پہلے ضلع نظام آباد کا دورہ کیا جا رہا ہے، بعد ازاں تلنگانہ کے دیگر 8 اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کی عدم کار کردگی، زرعی شعبہ کی تباہی، برقی کی قلت اور دیگر مسائل پر عوام بالخصوص کسانوں میں شعور بیدار کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن چار ماہ بعد بھی اس کی تکمیل نہیں کرسکی۔ حکومت کی لاپرواہی سے خریف فصل کا موسم ختم ہو چکا ہے اور کسان زرعی انشورنس سے محروم ہو چکے ہیں۔