کریم نگر /12 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست کی نئی تشکیل شدہ پردیش کانگریس کمیٹی میں اعلی قیادت میں ضلع کریم نگر کے قائدین کو اہم مقام دیا ہے ۔ سریدھر بابو کو چناؤ منشور کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے جبکہ سینئیر کانگریس قائد ایم ستیہ نارائن راؤ اور نوجوان رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کو انتخابی انتظامی نگرانکار کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ ویسے یہ خبر پھیل چکی تھی کہ تلنگانہ پی سی سی کا عہدہ سریدھر بابو کو ہی دیا جارہا ہے لیکن ان کی خدمات چناؤ منشور کیلئے ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تین بار منتھی رکن اسمبلی ، ایک میعاد کیلئے ضلع کانگریس کمیٹی صدر ، حکومت وہپ ، ساڑھے چار سال تک عہدہ وزارت پر رہنے والے سریدھر بابو کو اب پھر ایکبار خصوصی عہدہ دیا گیا ہے ۔ تلنگانہ بل کی اسمبلی میں پیش کئے جانے کے دوران کرن کمار ریڈی اور سریدھر بابو کے درمیان ہوئے تنازعہ سے سبھی واقف ہیں ۔ امور اسمبلی انچارج کی ذمہ داری سے انہیں بے دخل کرتے ہوئے وزیر کمرشیل ٹیکس کی ذمہ داری دئے جانے پر سریدھر بابو نے وزارت سے مستعفی ہوکر حصول تلنگانہ کی تحریک میں پوری طرح سے حصہ لینا شروع کردیا اور تلنگانہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ اب سریدھر بابو کو چناؤ منشور مرتب کرنے والی کمیٹی کے صدارتی عہدہ پر فائز کئے جانے پر ان کیلئے کامیابی کی منزل کا زینہ کہلائے گا ۔ اعلی تعلیم یافتہ اور انتہائی صبر و سکون کا مظاہرہ کرنے والے سریدھر بابو کو یہ ذمہ داری دینے پر سبھی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان سے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی سیاسی بصیرت ، قابلیت کا مظاہرہ کریں گے ۔