تلنگانہ پر زیر التوا مقدمات کی یکسوئی ضروری

حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاست کی تقسیم سے متعلق بل دستور ہند کے مغائر رہنے کا ممتاز ماہرین قانون خود اظہار کررہے ہیں اور اس مسئلہ پر اب تک سپریم کورٹ میں متعدد کیسیس زیر التوا ہیں ۔ لہذا تلگو دیشم نے جلد بازی کرتے ہوئے ’ اپائنٹیڈ ڈے ‘ کا اعلان نہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئیر قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل وائی راما کرشنوڈو نے ریاست کی تقسیم سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی یکسوئی کے بعد ہی اپائینٹیڈ ڈے کے تعلق سے پہل کا مرکزکو مشورہ دیا ۔ انہوں نے تقسیم ریاست پر کانگریس پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور دریافت کیا کہ تلگو عوام کو نقصان پہونچانے کی ذمہ دار مسز سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کیا منہ لے کر سیما آندھرا کا دورہ کرینگے ۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ محض جگن موہن ریڈی کی جیل سے رہائی اور کانگریس و وائی ایس آر کانگریس کے مابین اندرونی گٹھ جوڑ کے بعد ہی تلگو عوام کو تقسیم کرنے مرکز نے اقدامات کئے ۔ رام کرشنوڈو نے کہا کہ خود جگن موہن ریڈی نے ریاست کو تقسیم کرنے آسان طریقہ سے مرکز کو واقف کروایا اور جب ریاست کی تقسیم کیلئے اقدامات کا آغاز کیا گیا تو تب انہوں نے مخالفت کا آغاز کیا ۔ انہوں نے سیما آندھرا عوام کو مشورہ دیا کہ جگن یا چندرا بابو نائیڈو کا موازنہ کرکے تائید کریں۔ راما کرشنوڈو نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں مختلف وسائل پر جگن موہن ریڈی کی نظر ہے ۔