تلنگانہ و آندھرا میں ایم ایل سیز کے انتخابات کا اعلان

محبوب نگر۔/11فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر بھنور لال اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے آج شام ریونیو میٹنگ ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ تلنگانہ و آندھرا ریاستوں کے گریجویٹ و ٹیچرس ایم ایل سیز کے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے تلنگانہ ریاست کے محبوب نگر، رنگاریڈی، حیدرآباد کے گریجویٹ ایم ایل سیز اور ورنگل، کھمم، نلگنڈہ کے علاوہ آندھرا پردیش کے مشرقی و مغربی گوداوری کے ٹیچرس ایم ایل سیز اور کرشنا و گنٹور کے ٹیچرس ایم ایل سیز کے انتخابات کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ انتخابات کا نوٹیفکیشن 19فبروری کو جاری ہوگا۔

نامزدگیوں کی آخری تاریخ 26فبروری ہوگی۔ تنقیح 27فبروری کو ہوگی۔ دستبرداری کی آخری تاریخ 2مارچ ہوگی۔ رائے دہی 19مارچ کو صبح 8بجے تا شام 4بجے ہوگی۔ رائے شماری 10مارچ کو صبح 8بجے ہوگی۔ انتخابات کے عمل کی تکمیل 23مارچ کو ہوجائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محبوب نگر، رنگاریڈی حیدرآباد کے گریجویٹ ووٹرس2,86,311 ہیں جن کیلئے 413 پولنگ مراکز ہوں گے۔ اس طرح نلگنڈہ ، ورنگل ، کھمم میں 2,62,582 گریجویٹ ووٹرس ہیں جن کیلئے 278 پولنگ مراکز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج شام سے ہی انتخابی قوانین ضابطہ اخلاق عمل میں آچکا ہے۔

ایک سوال پر کہ گریجویٹ ووٹرس لسٹ میں ناموں کی شمولیت کیلئے ضلع انتظامیہ نے صحیح انداز میں تشہیر نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹرس 19فبروری تک اپنے نام شامل کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی طرح ان انتخابات میں بھی پولنگ مراکز پر ویب کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں امیدوار کو ترجیح دیتے ہوئے ووٹ دینے کے طریقہ کار کو متعارف کروایا گیا ہے۔ ووٹرس کو رائے دہی کے حق سے استفادہ کیلئے اپنے ساتھ فوٹو اور ووٹر شناختی کارڈ رکھنا ہوگا۔ پریس کانفرنس میں ضلع کلکٹر سری دیوی، ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجا رام، ڈی آر او رام کشن و دیگر عہدیداران موجود تھے۔