تلنگانہ میں کسانوں کی امدادی اسکیم ملک میں مثالی

چیف منسٹر کے سی آر کی مدبرانہ صلاحیت، رکن اسمبلی شکیل عامر کی جلیل ازہر سے بات چیت

نرمل 13 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سارے ملک کی ریاستوں میں ریاست تلنگانہ وہ واحد ریاست ہے جہاں کسانوں کو امداد کی فراہمی میں وزیراعلیٰ کے سی آر نے ایک منفرد اسکیم کے ذریعہ ایک مثالی ریاست کی شکل دی ہے جس کی دیگر ریاستوں میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی ضلع نظام آباد بودھن حلقہ کی نمائندگی کرنے والے محمد شکیل عامر نے سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست کو فون پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا۔ مسٹر شکیل عامر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی مدبرانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے کہ آج ریاست تلنگانہ کے ہر طبقہ کو ترقی کی سمت لیجاتے ہوئے مختلف اسکیمات پر ٹھوس عمل آوری کی جارہی ہے۔ شکیل عامر نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ کی ترقی کے لئے ایسے منفرد اسکیمات روشناس کراتے ہوئے اس پر عمل آوری کررہے ہیں جس کی مثال ماضی میں طویل عرصہ تک حکمرانی کرنے والے دے نہیں سکتے۔ چندرشیکھر راؤ جانتے ہیں کہ ’’پرندہ جب اڑنے کی ٹھان لے تو ہوا کو راستہ دینا ہی پڑتا ہے‘‘ آج چار برس سے کسی علاقہ میں برقی کی کٹوتی کے لئے کہیں احتجاج نہیں ہوا جبکہ گرمی کی شدت کے باوجود برقی کی مؤثر سربرہی سے عوام گھروں میں آرام سے رہ سکتے ہیں۔ سیاسی حالات کا ہر گوشہ عوام کی نگاہ میں ہے۔ وہ دنیا کے سامنے آئینہ ہے۔ ٹی آر ایس کی شاندار کارکردگی ہی آئندہ عام انتخابات میں پھر ایک بار بھاری اکثریت سے کامیابی کی سمت جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ نیک نیت ہو اور ارادہ مضبوط ہو تو سمت کو ڈھونڈنا نہیں پڑتا۔ انسان اسی طرف جاتا ہے جہاں اسے جانا چاہئے۔ کیوں کہ ہمارے وزیر اعلیٰ جانتے ہیں کہ نئی بنیادیں وہی لوگ رکھ سکتے ہیں جو اس راز سے واقف ہوں کہ پرانی بنیادیں کیوں بیٹھ گئیں۔ یہی سبب ہے کہ آج ریاست تلنگانہ کا ہر طبقہ وزیراعلیٰ چندرشیکھر راؤ کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ واضح رہے کہ محمد شکیل عامر رکن اسمبلی بودھن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ 2014 ء میں واحد مسلم رکن اسمبلی ٹی آر ایس سے منتخب ہوئے جبکہ انھیں وزارت میں ہونا چاہئے تھا جو وزیراعلیٰ کے سی آر نے بھی کابینہ میں تین مسلم وزراء کو شامل کرنے کا اعلان کیا باوجود اس کے مسٹر شکیل عامر نے پارٹی ڈسپلن کی برقراری کے ساتھ ساتھ اپنے علاقہ میں برسوں سے تمام طبقات میں عید و تہوار کو اجناس کپڑوں کی تقسیم یتیم یسیر کی دل کھول کر مدد کرتے ہوئے پارٹی کی مقبولیت میں چار چاند لگارہے ہیں بلکہ اس ماہ کے پہلے ہفتہ میں مدرسہ معاذ بن جبلؓ بودھن کے سالانہ جلسہ میں شرکت کے بعد جہاں بارہ بچوں کی حفظ قرآن کی تکمیل پر انھوں نے تمام بارہ طلباء کو بعد رمضان کے عمرہ کی سعادت کے لئے اپنے خرچ سے روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ پروردگار نے دولت سے بہت لوگوں کو نوازا ہے تاہم شکیل عامر کو دولت کے ساتھ دل بھی عطا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ میری ماں اور والد کی تربیت ہے۔ آج بھی میرے والدین ہمیشہ یہی تاکید کرتے ہیں کہ غریبوں کا سہارا بنو ان کی آرزوؤں کا بھی کچھ خیال رکھو۔ شکیل عامر نے کہاکہ میرے والدین اور اللہ کا کرم ہے کہ میں آج انہیں کی بدولت اس مقام تک رسائی کی۔ ماں ہمیشہ یہی کہتی رہتی ہے کہ بیٹا اپنے بچوں کو ان بچوں کے سامنے لاڈ پیار نہیں کرنا جن کے ماں باپ اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہوں کیوں کہ یہ ہماری تہذیب ہے۔ آخر میں شکیل عامر نے بتایا کہ وہ کل یعنی منگل کو اپنے خاندان کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے جارہے ہیں۔ تمام چاہنے والوں سے دعا کی گذارش کی۔