حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں کانگریس کے لیے حالات سازگار رہیں گے ۔ حکمران جماعت مسائل سے دوچار ہوسکتی ہے ۔ کئی وزراء کے قلمدان تبدیل ہوجائیں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کے ستارے عروج پر ہیں ۔ کانگریس تیزی سے مستحکم ہوگی ۔ اگادی کے موقع پر گاندھی بھون میں منعقدہ پنچنگا شروانم تقریب میں پنڈت چلکوری سرینواس مورتی نے پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر سیاسی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں ۔ وزراء کی کارکردگی مایوس کن ہونے کے سبب ان کے وزارتی قلمدان تبدیل ہوجائیں گے ۔ پنڈت نے کہا کہ 26 جنوری سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کے ستارے عروج پر ہے ۔ گذشتہ ڈھائی سال سے انہوں نے پارٹی کو مستحکم کرنے اور پارٹی قائدین کو متحد کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ اگر انہیں پارٹی قائدین کا بھر پور ساتھ و تعاون ملتا ہے تو وہ کانگریس کو مزید مستحکم کرپائیں گے ۔ کیوں کہ حالات تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں ہے ۔ اس تقریب میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر ، ڈپٹی لیڈر پی سدھاکر ریڈی رکن اسمبلی سمپت کمار سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، سابق وزراء ڈی ناگیندر ، سریدھر بابو ، سابق اسپیکر سریش ریڈی ، سابق ارکان پارلیمنٹ انجن کمار یادو ، ملو روی صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔