کریم نگر۔/7مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل پریشد، ضلع پریشد ، مجالس بلدیات، نگر پنچایت اور کارپوریشن کے چناؤ ہوچکے ہیں۔ 12اور 13مئی کو رائے شماری ہوگی۔ بعد ازاں 7جون تک میئر اور صدور کا چناؤ ہونے کا امکان ہے۔ کریم نگر کانگریس پارٹی ڈسٹرکٹ صدر کٹکم مرتنجیم نے یہاں کانگریس مقامی دفتر اندرا بھون کانفرنس ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔کے مرتنجیم نے کہا کہ کے سی آر شیخ چلی کی طرح ابھی سے چیف منسٹر بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں اور انہیں تلنگانہ میں85 نشستوں پر کامیابی حاصل ہونے کی وہ بات کررہے ہیں
اور اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے کی بات کررہے ہیں تو دوسری جانب کبھی ایم آئی ایم تو کبھی سی پی آئی اور ایسے تلگودیشم امیدوار جن کی ان کے خیال میں کامیابی کی امید ہے ان سے بھی بات چیت کررہے ہیں جو محض کے سی آر کا خواب ہے۔ مسٹر کے مرتنجیم نے کہا کہ کریم نگر میں دونوں کارپوریشنوں پر کانگریس کے میئر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پریشد چیرمین بھی کانگریس کا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ زیڈ پی ٹی سی نشستوں پر کامیابی یقینی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تیسری مرتبہ اقتدار پر آئے گی اور نئی ریاست تلنگانہ میں پہلی حکومت کانگریس کی ہوگی۔ منڈل صدر، میونسپل کارپوریشن کے صدور کی نامزدگی کیلئے 13اسمبلی حلقوں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
10تاریخ کو صبح 9:30 بجے پداپلی پارلیمنٹ کے 4حلقہ اسمبلی جات ،12:50 بجے شام تک نظام آباد کے دو اسمبلی حلقے جگتیال اور کورٹلہ اسمبلی حلقہ جات اور 11تاریخ کو کریم نگر کے 7اسمبلی حلقوں کا جائزہ اجلاس ہوگا جس میں دیہی سطح سے لیکر منڈل اربن سطح تک کے سبھی کانگریس قائدین شرکت کریں گے۔ موجودہ ایم پیز اور امیدوار ارکان اسمبلی اور چناؤ کے امیدوار زیڈ پی ٹیز ایم پی ٹی سی، بلاک ،منڈل کے صدور بھی شرکت کریں گے اور آئندہ تلنگانہ ریاست کی حکومت کے پیش نظر منصوبہ بندی کی جائے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں دو یا تین اسمبلی حلقوں پر ہمیں ناکامی ہوگی اور باقی تمام نشستوں پر ہمارا قبضہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کویتا، کے ٹی آر، چناؤ ہار رہے ہیںاور یہ ہمارا سروے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو 65نشستوں پر کامیابی یقینی ہوگی۔ جائزہ اجلاس میں 10اور 11 مئی کو ضلع میں غیر موسمی بارش سے فصلوں کو ہوئے نقصان ، آموں کے باغات کے نقصان کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کی رپورٹ تیار کی جائے گی۔