تلنگانہ میں کالجس بند ‘ اے بی وی پی کا اعلان

حیدرآباد 30 جنوری ( پی ٹی آئی ) اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے آج تلنگانہ میں کالجس بند کا اعلان کیا ہے ۔ ودیارتھی پریشد نے اس بند کا اعلان کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں نعشوں پر کی جانے والی سیاست کے خلاف کیا ہے ۔ راہول گاندھی‘ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں روہت ویمولہ کی خود کشی کے مسئلہ پر احتجاج میں شرکت کرنے یہاں آئے ہوئے تھے ۔ اے بی وی پی کے قومی ایگزیکیٹیو رکن کڈیم راجو نے ایک بیان میں کہا کہ اے بی وی پی راہول گاندھی کی جانب سے سنٹرل یونیورسٹی میں کی جانے والی سیاست کی شدید مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاست ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب یونیورسٹی میں پر امن ماحول بحال ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو چاہئے کہ وہ نعشوں پر سیاست کرنا ترک کردیں اور یونیورسٹی میں عام حالات بحال کرنے میں مدد کریں۔ اے بی وی پی نے کالجس میں بند کا اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب راہول گاندی ایچ سی یو کیمپس میں طلبا کے احتجاج میں حصہ لینے کل رات ہی پہونچے تھے اور انہوں نے طلبا کے احتجاج میں شدت پیدا کردی تھی ۔ پریشد نے سوال کیا کہ راہول گاندھی نے چینائی میں دلت طالبہ کی خود کشی پر کیوں خاموشی اختیار کی تھی ؟ ۔