تلنگانہ میں پہلی مرتبہ نان کیڈر عہدیداروں کو کلکٹرس کے عہدے

ملک میں تلنگانہ کو اعزاز ، آئی اے ایس عہدیداروں کی قلت پر حکومت کا اقدام
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کا منفرد اقدام کرتے ہوئے کسی نان کیڈر عہدیداروں ( نان آئی اے ایس ) کو ضلع کلکٹر عہدے پر فائز کیا ہے بلکہ ڈسٹرکٹ کلکٹر عہدوں پر تعینات کردہ تین نان آئی اے ایس عہدیداروں مسٹر سی نارائن ریڈی ، مسٹر ایس وینکٹ راؤ کے علاوہ محترمہ مسرت خانم عائشہ کے ناموں کو آئی اے ایس کنفرمیشن کے لیے مرکزی حکومت ( مرکزی وزارت پرسونل ) سے سفارش بھی کی ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ حکومت جب کبھی بھی جن عہدیداروں کے ناموں کی سفارش کرتی ہے ۔ ان عہدیداروں کے ناموں کے لیے آئی اے ایس کنفرمیشن حاصل ہوتا ہے ۔ اس طرح توقع کی جاتی ہے کہ بہت جلد مذکورہ تینوں عہدیداروں کو آئی اے ایس کنفرمیشن حاصل ہوجائے گا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جہاں تک جوائنٹ کلکٹر عہدوں پر بھی نان آئی اے ایس عہدیداروں کی تعیناتی کی بات ہے ۔ پہلی مرتبہ ریاستی تلنگانہ حکومت نے ڈی آر او ( ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر ) عہدے کے حامل عہدیداروں کو جوائنٹ کلکٹر عہدوں پر فائز کیا اور اسی طرح پہلی مرتبہ کسی نان آئی اے ایس عہدیداروں کو ڈسٹرکٹ کلکٹر کے عہدے پر فائز کرنے کا سہرا صرف اور صرف تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت کے سر جاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں اضلاع کی تعداد کے لحاظ سے آئی اے ایس عہدیدار دستیاب نہیں ہے اور درکار تعداد میں کمی کے پیش نظر ہی حکومت تلنگانہ کو ڈسٹرکٹ کلکٹر کے عہدے پر نان کیڈر ( نان آئی اے ایس ) عہدیداروں کو تعینات کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ کسی نان کیڈر عہدیدار کو ڈسٹرکٹ کلکٹر کے جلیل القدر عہدے پر فائز کیے جانے کی سابق میں ( متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں بھی ) کوئی نظیر نہیں پائی جاتی ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ سے کچھ دن قبل ہی ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت کو مذکورہ تینوں عہدیداروں کے ناموں پر مشتمل ’ پیانل لسٹ ‘ روانہ کی ہے اور مرکزی حکومت تمام ضروری امور کی تکمیل کے فوری بعد ریاستی حکومت کے سفارش کردہ عہدیداروں کے ناموں کو ہی ’ کنفرڈ آئی اے ایس عہدہ ‘ فراہم کرتی ہے ۔ اس طرح آئندہ چند دنوں کے دوران ہی مذکورہ تین نان کیڈر عہدیداروں کو ’ آئی اے ایس کیڈر ‘ حاصل ہوجانے کی ریاستی حکومت کو قوی توقع پائی جاتی ہے ۔۔