تلنگانہ میں پولیس عوام دوست ماحول فراہم کرنے میں ناکام

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت کی جانب سے پولیس کو بہتر معیاری سہولیات اور پولیس کے کردار کو عوام دوست بنانے کے اقدامات ناکام ثابت ہورہے ہیں ۔ اور حکومت کے اس اقدام میں خود پولیس ہی رکاوٹ بن رہی ہے ۔ چونکہ پیشہ وار مجرموں ، جرائم میں ملوث افراد اور مجرمانہ کردار رکھنے والوں پر قابو پانے والی ٹاسک فورس کے کردار کو خود ایک عہدیدار نے متاثر کردیا ہے ۔ راست کمشنر کی نگرانی میں کام کرنے والی ٹاسک فورس کے ایک انسپکٹر پر نشہ کی حالت میں داداگیری اور غنڈہ گردی کے الزامات پائے جاتے ہیں ۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ تک یہ بات پہونچ گئی تھی ۔ اور کمشنر پولیس نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اس عہدیدار کو خدمات سے ہٹادیا ۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ویسٹ زون ٹاسک فورس سے وابستہ انسپکٹر پرکاش ریڈی کا اچانک تبادلہ کردیا گیا ۔

تاہم اس اقدام کے پیچھے حقیقت کچھ اور ہی نکلی شکایت گذار جو سابق رکن اسمبلی اور نامپلی علاقہ کی ایک با اثر شخصیت بتائی گئی ہے ۔ انہوں نے راست چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے انسپکٹر ٹاسک فورس ویسٹ زون پرکاش ریڈی کی شکایت کردی اور پرکاش ریڈی کی غیر اخلاقی حرکتوں کا ویڈیو فوٹیج بھی چیف منسٹر کو پیش کیا ۔ سابق رکن اسمبلی کے چیف منسٹر سے خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے ویڈیو فوٹیج میں اس انسپکٹر کی حرکتوں کو دیکھ کر کمشنر پولیس سے بات کی جس پر فوری حرکت میں آتے ہوئے کمشنر پولیس نے پرکاش ریڈی کے خلاف کارروائی کیا ۔ پرکاش ریڈی پر الزام ہے کہ وہ گذشتہ روز نامپلی علاقہ میں واقعہ ہوٹل راج انٹرنیشنل گیا تھا ۔ جو نشہ کی حالت میں دھت تھا ۔ اور مبینہ طور پر روڈی جیسا سلوک کررہا تھا ۔ باثووق ذرائع کے مطابق اس نے ایک کمرہ دینے کے لیے کہا تھا تاہم دوسرے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نے کھانے کی فہرست دی تھی ۔ جس پر ہوٹل کے ملازم نے قیمت ادا کرنے کے لیے کہا ۔ جس پر برہم پرکاش ریڈی نے اس ملازم پر برہمی ظاہر کی ۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد ہوٹل کے مالک نے یہ اقدام کیا ۔۔