نلگنڈہ میں سب سے زیادہ 53 اور محبوب نگر میں 33اموات
حیدرآباد ۔2مئی ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں رواں موسم گرما کے دوران لُولگنے کے سبب کم سے کم 178 افراد فوت ہوگئے ۔ ریاستی محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ تلنگانہ میں جمعہ تک متوفیوں کی تعداد 143سے بڑھ کر اب 178 تک پہنچ گئی ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم کے ایک عہدیدار نے کہا کہ نلگنڈہ میں سب سے زیادہ 53 افراد لولگنے سے فوت ہوگئے ہیں ۔ محبوب نگر دوسرے مقام ہے جہاں 33افراد فوت ہوئے ہیں ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر و کھمم کے کئی حصوں میں شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی ۔ ریاست کے اکثر مقامات پر اعظم ترین درجہ حرارت میں کسی نمایاں تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔چند مقامات پر معمول سے زائد درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رام گنڈم میں سب سے زیادہ 45 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ اس دوران دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی مقامات پر آج ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔اضلاع رنگاریڈی ‘ محبوب نگر و میدک کے چند مقامات پر ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اضلاع عادل آباد ‘ نظام آباد ‘ کریم نگر ‘ میدک ‘ کھمم ‘ ورنگل‘ رنگا ریڈی ‘ حیدرآباد ‘ نلنگڈہ اور محبوب نگر میں آئندہ دو دن تک شدید گرمی کی لہر بدستور جاری رہے گی ۔