حیدرآباد۔/24اپریل، ( سیاست نیوز) انتخابات میں عوامی خدمت کیلئے اگرچہ کئی امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں لیکن ان کی تعلیمی قابلیت کو دیکھیں تو بہت کم امیدوار ہی ایسے ہیں جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ مجوزہ انتخابات میں اگرچہ کئی دانشور اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض امیدوار ایسے ہیں جو معمولی تعلیمی صلاحیت کے باوجود عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ میدان میں ہیں۔ اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس کی جانب سے کئے گئے ایک سروے کے مطابق تلنگانہ میں لوک سبھا حلقوں کیلئے جملہ 265 امیدوار میدان میں ہیں، ان میں سے 56 پوسٹ گریجویٹ، 14پی ایچ ڈی کے علاوہ بیشتر گریجویٹ ہیں۔ موجودہ ارکان اسمبلی اور اہم جماعتوں کے امیدواروں میں کئی ایسے ہیں جنہوں نے دسویں جماعت تک بھی تعلیم حاصل نہیں کی۔ تلنگانہ کے لوک سبھا امیدواروں میں 40فیصد ایسے امیدوار ہیں جنہوں نے گریجویشن کی تکمیل نہیں کی جبکہ 15فیصد دسویں جماعت تک بھی تعلیم حاصل نہ کرسکے۔ ایسے امیدوار زیادہ تر آزاد ہیں اور ان میں چند اہم جماعتوں سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔ کھمم کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ ( تلگودیشم ) اور عادل آباد کے تلگودیشم رکن پارلیمنٹ رمیش راٹھور نے صرف انٹر تک تعلیم حاصل کی ہے۔ نلگنڈہ کے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی نے بھی 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے تلگودیشم کے امیدوار سی ایچ ملاریڈی اگرچہ کئی تعلیمی ادارے چلاتے ہیں لیکن ان کی تعلیمی قابلیت صرف 12ویں جماعت تک ہے۔ تلنگانہ میں وائی ایس آر کانگریس کے چار امیدواروں کی تعلیمی قابلیت بھی انٹر میڈیٹ ہے۔ کریم نگر لوک سبھا حلقہ کے وائی ایس آر کانگریس امیدوار وائی راجی ریڈی نے صرف پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو امیدواروں کی جانب سے داخل کردہ حلف نامہ کی بنیاد پر غیر سرکاری تنظیم نے یہ سروے کیا ہے۔ حلف نامہ کے مطابق بعض اہم امیدوار اور ان کی تعلیمی قابلیت کچھ اس طرح ہے: رمیش راٹھور ( تلگودیشم ) بارہویں جماعت، اے امباٹی ( بی ایس پی) دسویں جماعت، جی جناردھن ریڈی ( جئے سمکھیا آندھرا پارٹی ) دسویں جماعت، راشد شریف ( ٹی آر ایس) آٹھویں جماعت، ایم راجی ریڈی ( وائی ایس آر کانگریس ) پانچویں جماعت، ناما ناگیشور راؤ ( تلگودیشم ) بارہویں جماعت، پی سرینواس ریڈی ( وائی ایس آر کانگریس) بارہویں جماعت، ملاریڈی ( تلگودیشم ) بارہویں جماعت، سی ناگیندر ناتھ ( بی جے پی ) دسویں جماعت، پی پربھو گوڑ ( وائی ایس آر کانگریس) دسویں جماعت، بی نرسمہلو (تلگودیشم) دسویں جماعت، جی سکھیندر ریڈی( کانگریس) بارہویں جماعت، آر سرینواس( عام آدمی پارٹی) دسویں جماعت، این موہن راؤ ( مجلس ) دسویں جماعت، محمود محی الدین ( وائی ایس آر کانگریس) آٹھویں جماعت۔