حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) بالی ووڈ فلم اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راجے کندرا نے ریاست تلنگانہ میں ایک موبائیل فون مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہندوستان سیفٹی گلاس انڈسٹریز کی پارٹنر کی حیثیت سے بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے شوہر راجے کندرا کے ہمراہ ممبئی میں منعقدہ ’’ میک اِن انڈیا ‘‘ نمائش کا دورہ کیا اور تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے قائم کردہ اسٹال پر پہنچ کر تلنگانہ میں مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ ان دونوں نے اپنی کمپنی کا نام ’ وائیان ‘ رکھا ہے۔ اس خصوص میں انہوں نے تلنگانہ کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور حکومت تلنگانہ کی صنعتی پالیسی سے متاثر ہوکر اس نئی ریاست میں موبائیل فون صنعت قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔