تلنگانہ میں دعوت افطار، ہندو مسلم یکجہتی کی مثال

کریم نگر کلکٹریٹ میںمنعقدہ تقریب سے کلکٹر سرفراز احمد کا خطاب
کریم نگر۔/13جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ مقدس رمضان المبارک اور عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں، میری دعوت افطار میں شریک سبھی چھوٹے بڑے اور بزرگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ الفاظ کلکٹر سرفراز احمد نے کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں کہے، یہ دعوت افطار کلکٹر کے زیر اہتمام منعقد ہوئی ۔ دعوت افطار میں کریم نگر شہر کی بہت ساری اہم شخصیتوں کے ساتھ ساتھ مسلم و غیر مسلم کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ سرکاری عہدیدار وملازمین بھی شریک تھے۔ کمشنر پولیس کملاسن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں مسلمان دن بھر روزہ رکھتے ہوئے راتوں میں عبادت کرتے ہیں یہ مہینہ مقدس مہینہ ہے، مسلمان اس ماہ مبارک میں راتوں میں خدا کی عبادت میں مشغول رہنے کے ساتھ ساتھ اپنے دیگر غریب عوام کا خیال کرتے ہوئے اپنی محنت کی کمائی ہوئی دولت میں سے زکوٰۃ کے نام پر غریبوں کی مدد کرتے ہیں۔ آئی ڈی سی چیرمین ایدا شنکر ریڈی نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ کی تاریخ گواہ ہے کہ مسلم و غیر مسلم ایک دوسرے کے تہواروں اور عیدوں میں شریک ہوتے آرہے ہیں جو ہندو مسلم یکجہتی کی بڑی مثال ہے۔ زیڈ پی چیرپرسن تلا اوما ، ایم ایل سی ٹی لکشمن کمار، ریاستی حج کمیٹی رکن عارف محمد، مجلس بلدیہ کمشنر ششانک، ڈی ای او وینکیشورا سابق ڈپٹی میئر محمد عباس ،محمد خیر الدین، عبدالحئی و دیگر نے شرکت کی لیکن مقامی رکن اسمبلی گنگولا کملاکر ، ایم پی ونود کمار، وزیر فینانس ایٹالہ راجندر غیر حاضر تھے۔