پارلیمانی حلقہ میدک کے آزاد امیدوار محمد مشتاق احمد کا بیان
سنگاریڈی۔6ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ پارلیمان میدک کے آزاد امیدوار محمدمشتاق احمد نے سنگاریڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی قیادت والی ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی میں یکسر ناکام ہوچکی ہے ۔ تمام فلاحی اسکیمات ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام نے روشن تلنگانہ کا خواب دیکھا تھا ‘ہزاروں محبان تلنگانہ کی قربانیوں کے بعد ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا لیکن اضلاع میں برقی بار بار منقطع ہونے سے رات کے اوقات میں عوام اندھیرے میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں جس کی ذمہ داری ٹی آر ایس حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے انتخابات سے قبل مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا لیکن تاحال 95دن گذر جانے کے باوجود اس ضمن میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور کانگریس کو ایک سکہ کے دو رُخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے مسلمانوں کو ووٹ بینک کی حیثیت سے استعمال کرتے آئی ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں بھی عوام سے صرف خوش کن وعدے کئے گئے ‘ برسراقتدار آنے پر وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ۔ محمد مشتاق احمد آزاد امیدوار حلقہ میدک نے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے عام انتخابات میں ترقی کے نام پر عوام سے ووٹ طلب کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا لیکن ترقی نام کی کوئی چیز آج ملک بھر میں نظر نہیں آرہی ہے ۔ انہوں نے حلقہ پارلیمان میدک کی عوام سے اپیل کی کہ پھل کے ٹوکرے کے انتخابی نشان کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میدک کے ساتھ اسمبلی حلقہ جات میں انتخابی مہم جاری ہے ۔ سنگاریڈی منڈل کے مواضعات تاڑلہ پلی ‘ اسمعیل خان پیٹ ‘ فصل وادی‘ شیوم پیٹ اور ملکاپور کے علاوہ سدا سیوپیٹ منڈل کے ماچی ریڈی پلی ‘ وینکٹا پور ‘ نظام پور میں رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ووٹ دینے کی اپیل کی گئی ۔ اس موقع پر محمد سیف الدین ‘ محمد افضل ‘ مرکزا احمد بیگ ‘وینکٹ اور وٹھل و دیگر موجود تھے۔