تلنگانہ میں تاخیر پر نوجوان کی خودکشی صدمہ سے دادا کی بھی موت

حیدرآباد۔ 16 جنوری (سیاست نیوز) علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام میں ہونے والی تاخیر سے دلبرداشتہ ایک نوجوان نے خود کشی کرلی۔ اس غم میں نوجوان کے دادا کی بھی موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے بموجب ضلع نظام آباد کے گاندھاری منڈل کے موضع سرواپور سے تعلق رکھنے والے سنجیولو علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں دلچسپی کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا تھا اور سنکرانتی تہوار کے روز اپنے مکان کے روبرو مگو سے جئے تلنگانہ تحریر کیا تھا، اسی دن ٹی وی چیانلس پر سیما آندھرا کے قائدین کی جانب سے مسودہ ٔتلنگانہ بل کی نقولات کو نذر آتش کئے جانے کے مناظر کو دیکھ کر دلبرداشتہ ہوگیا اور رات 12بجے واٹر ٹینک پر پھانسی لیکر خود کشی کرلی۔ اس واقعہ کی اطلاع سارے دیہات میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ سنجیولو کے دادا جو نرساپور میں مقیم تھے، پوترے کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی صدمہ سے طبیعت بگڑ گئی اور انہیں دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا گیا۔