سیاسی مایوسی کے شکار قائدین ٹی آرایس پر تنقید کر رہے ہیں ۔ سدی پیٹ میں ہریش راؤ کا خطاب
سدی پیٹ۔ یکم؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی تلنگانہ ریاست میں پانچ نشستوں سے زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکے گی ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر بھاری آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے سدی پیٹ نرسمہا گارڈن فنکشن ہال میں مختلف پارٹیوں سے وابستہ کارکنان کی ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت کرنے پر استقبالیہ تقریب میں کیا ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل بی جے پی کی جانب سے سدی پیٹ میں جنا چیتینہ پروگرام کا انعقاد ہوا تھا ہریش راؤ نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کی فلاح بہود کارکردگی سے مرکزی حکومت کے وزراء زبردست متاثر ہیں تو دوسری جانب تلنگانہ ریاست کے بی جے پی قائدین بوکھلاہٹ کے شکار ہیں ۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے مختلف سیاسی جماعت کے قائدین اور کارکنان ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے سے بی جے پی کے قائدین مایوس کے شکار ہو رہے ہیں اور سیاسی بقاء کی خاطر ٹی آر ایس حکومت پر تنقیدیں کر رہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ کے ترقیاتی کاموں پر تنقید کرنے والوں کو سدی پیٹ کے ہر داخلے میں ترقیاتی کام ہی اس کا جواب ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ میں تعلیم اور صحت کے علاوہ 250 کروڑ کی لاگت سے انڈر گراونڈڈرینج نظام کا کام جاری ہے ۔ سدی پیٹ میں صنعتوں کے قیام کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے لئے پانی اور سڑکوں کے وسائل قائم کے جا رہے ہیں ۔ دسہرہ تہوار تک رنگا رنگ ساگر میں تین ٹی ایم سی پانی چھوڑا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ سدی پیٹ کچرے کی نکاسی میں اول مقام پر ہے ۔ سدی پیٹ کے لئے ریلوے لائن کے کاموں کا آغاز ہوگا ۔ اسطرح سدی پیٹ کو دو قومی سڑکیں بھی منظور کی گئیں ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت سیاست کو بالائے طاق رکھ کر عوام کے لئے ترقیاتی اقدامات کئے جا رہی ہیں ۔