تلنگانہ میں برقی کی قلت ناانصافی کا نتیجہ

سوریاپیٹ ۔ 25 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ٹی آر ایس پارٹی ریاست کے تمام طبقات کی یکساں فلاح و بہبود کے لئے پابند عہد ہے ، ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر تعلیم و رکن اسمبلی سوریہ پیٹ جی جگدیش ریڈی نے یہاں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل یہ سمجھا جارہا تھا کہ ٹی آر ایس کامیاب نہیں ہوگی لیکن ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی پر سب کی بولتی بند ہوگئی ۔ اس موقع پر انھوں نے چیف منسٹر اے پی این چندرابابو نائیڈو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اہلیان تلنگانہ کو تنگ کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نائیڈو کا کہنا ہے کہ آندھرا میں برقی کی بہتات ہے ۔ کانگریس و تلگودیشم کے آندھرائی حکمرانوں نے ناانصافی کرتے ہوئے پاور پلانٹس اپنے علاقہ میں بنالئے ہیں جس کی وجہ سے آج ہمیں برقی کی تنگی پیش آرہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نائیڈو کے سخت گیر مخالف تلنگانہ رویہ کے باوجود تلنگانہ تلگودیشم قائدین و کارکن ابھی بھی تلگودیشم کاجھنڈا ہاتھ میں لئے پھر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مخالف تلنگانہ جماعت کا تلنگانہ میں کیا کام ہے ۔ انھوں نے تلنگانہ تلگودیشم قائدین و کارکنان کو مشورہ دیا کہ وہ اس بارے میں سونچیں ۔انھوں نے کہا کہ کانگریس و تلگودیشم کے قائدین جوق درجوق ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور آج کی یہ تقریب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ اس موقع پر سو سے زائد قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی جن میں قابل ذکر جی پرکاش ، بی وجئے کمار ، وینکٹ ریڈی ، عبدالعزیز ، سید سلیم ، ظہیر احمد ، سید لطیف ، رسول قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر شہ نشین پر این سرینواس گوڑ ، بی اشوک ریڈی ، بھرت کمار ، ڈاکٹر کرناکر ، مستان طاہر ، سلمیٰ بیگم ٹی آر ایس قائدین موجود تھے ۔