تلنگانہ میں اقلیتی ترقی کیلئے بجٹ میں اضافہ خوش آئند: نقوی

۔206 اقامتی اسکولوں کا قیام قابل ستائش، ریاست سے تعاون کرنے پی سرینواس ریڈی کو تیقن

حیدرآباد۔/27 فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے ملاقات کی۔ انہوں نے تلنگانہ میں اقلیتی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری اور خاص طور پر کاماریڈی اور نظام آباد اضلاع میں قائم کئے گئے اقامتی اسکولوں میں بنیادی سہولتوںکی فراہمی کے سلسلہ میں مرکز سے تعاون کی خواہش کی۔ مختار عباس نقوی نے اقلیتوں کی ترقی کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ دیگر ریاستوں کو بھی تلنگانہ کی اسکیمات اپناتے ہوئے اقلیتوں کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانا چاہیئے۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں اقلیتوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ اسکیمات اور بجٹ میں اضافہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کیلئے قائم کردہ 206 اقامتی اسکولوں کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی کے اقدامات کے سلسلہ میں مرکزی حکومت تلنگانہ سے مکمل تعاون کرے گی۔ پوچارام سرینواس ریڈی نے تلنگانہ حکومت کی اسکیمات کا تفصیل سے ذکر کیا اور کہا کہ آئندہ سال بجٹ میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کارپوریٹ طرز کی تعلیم مفت فراہم کرنے کیلئے اقلیتوں کے 206 اقامتی اسکول قائم کئے ہیں جو حوصلہ افزاء نتائج کے ساتھ جاری ہیں۔انہوں نے نظام آباد اور کاماریڈی میں قائم کئے گئے اقامتی اسکولوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

تقسیم ریاست پر 5 مارچ کو مرکز کا اجلاس
حیدرآباد 27 فروری (این ایس ایس)مرکز نے آخرکار فیصلہ کیا ہے کہ دونوں تلگو ریاستوں کے مابعد تقسیم زیرتصفیہ مسائل کی یکسوئی کے لئے میٹنگ طلب کی جائے گی۔ اِس ضمن میں اجلاس قومی دارالحکومت میں 5مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔ جس کی صدارت مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کریں گے اور تلنگانہ و آندھراپردیش کے چیف سکریٹریز شریک ہوں گے۔