تلنگانہ مسودہ بل کو وائی ایس آر کانگریس کی تائید متوقع

حیدرآباد /10 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے تلنگانہ مسودہ بل کو اسمبلی میں وائی ایس آر کانگریس کی تائید حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا، جب کہ اسمبلی میں مسودہ بل پر بحث شروع ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی نوجوان قائد ہیں، لہذا انھیں یقین ہے کہ اسمبلی میں ان کی جماعت کی بھرپور تائید حاصل ہوگی۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل پر اسمبلی میں ووٹنگ نہ ہونے کے بارے میں انھوں نے کبھی کچھ نہیں کہا، جس کی وضاحت وہ اسمبلی پہنچ کر کرنے کے لئے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسمبلی میں مباحث کے دوران سیما۔ آندھرا کے ارکان اسمبلی کو اپنے علاقہ کے مسائل پر روشنی ڈالنے کا مکمل اختیار ہے، لہذا انھیں چاہئے کہ اسمبلی کی کارروائی میں خلل نہ پیدا کریں کہ ان کے مسائل موضوع بحث نہ بن سکیں اور ترمیم کی سفارش کے مواقع سے بھی محروم ہو جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر بحث کی وجہ سے آندھرا پردیش میں کانگریس کے لوک سبھا امیدواروں کے انتخاب میں تھوڑی تاخیر ہوگی، جب کہ پارٹی امیدواروں کا انتخاب اسکریننگ کمیٹی کرے گی۔ انھوں نے ادعا کیا کہ تلنگانہ مسئلہ حل ہونے کے بعد ہی ریاست میں اسمبلی اور پارلیمنٹ کے انتخابات ہوں گے۔