تلنگانہ عوام کا دیرینہ خواب شر مندہ تعبیر

محبوب نگر 5 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر برائے امور مقننہ سریدھر بابو کے قلمدان کی تبدیلی اور ان کے ساتھ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کا اہانت آمیز سلوک سارے تلنگانہ عوام کی توہین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر وی ہنمنت راو رکن راجیہ سبھا و سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے آج دوپہر ضلع کانگریس کمیٹی کے آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے سریدھر بابو کے استعفی سے متعلق سوال پر چیف منسٹر کے ناشائستہ ریمارکس قابل مذمت ہیں ۔ انہوں نے کرن کمار ریڈی پرالزام عائد کیا کہ اپنے دور حکومت کو اسکامس سے پاک قرار دینے کا دعوی جھوٹا ہے کیونکہ اقتدار چھوڑنے کے بعد ہی ان کے دور کے اسکامس عوام ان کو بتائیں گے ۔ خود ان کے آبائی ضلع چتور میں گذشتہ 3برسوں سے صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ جاری ہے ۔

انہوں نے علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر نے بھی علحدہ تلنگانہ کے قیام کو اس وقت روکا تھا جب سونیا گاندھی علحدہ تلنگانہ دینے کو تیار تھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے اعلان پر شریمتی سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیلئے ایک زبردست جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں سونیا گاندھی بھی شریک ہوں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگاہن عوام کا 57 برسوں پرانا خواب آخر سونیا گاندھی نے شرمندہ تعبیر کردیا۔انہوں نے ضلع کے عوام سے اظہار تشکر کیا کہ ضلع میں 3 روز سے جاری ’’اندرماں وجئے بس یاترا ‘‘کو کامیاب بنایا ۔ اس موقع پر ایم ایل سی جگدیشور ریڈی ،سابق وزیر جی چنا ریڈی ،سابق ایم پیز وٹھل راو ،ملو روی ،صدر ضلع کانگریس عبید اللہ کوتوال ،سابق صدر ایس پرکاش ،سینئر کانگریسی قائدین الطاف حسین ایڈوکیٹ ، محمد حنیف ،سنجیو مدیراج و دیگر موجود تھے ۔