تلنگانہ ریاست کی لا اینڈ آرڈر صورتحال ابتر

حیدرآباد اور اضلاع میں قتل کے واقعات میں اضافہ پر اظہار تشویش ، وی ہنمنت راؤ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے حالیہ ایک ہفتہ کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں بے رحمانہ قتل کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال ہونے قتل کے واقعات میں بھی تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہونے کا طنز کیا ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے سماجی تلنگانہ تشکیل دینے کے لیے علحدہ ریاست قائم کی تھی تاہم چیف منسٹر کے سی آر کی نا اہلی سے تلنگانہ میں قتل کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایک ہفتہ قبل نلگنڈہ میں ایک کانگریسی قائد کا بے رحمانہ قتل کردیا گیا ۔ دوسرے اور تیسرے دن نلگنڈہ میں ہی ایک شخص کا سر دھڑ سے الگ کردیا گیا ۔ حیدرآباد سکندرآباد اور ضلع رنگاریڈی کے حدود میں حالیہ ایک ہفتہ کے اندر ایک درجن سے زائد مرد و خواتین کا قتل کردیا گیا ہے ۔ ریاست میں پولیس کو عصری تقاضوں سے لیس کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں ۔ ہر شعبہ میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ قتل کی وارداتوں میں بھی تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ مگر حکمران ٹی آر ایس کی جانب سے اس کا اعتراف کرنے سے گریز کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح ناکام ہوگیا ہے ۔ ریاست کے صدر مقام میں کیا ہورہا ہے اس سے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی لا علم ہیں ۔ بینکوں میں غریب عوام کی جمع کردہ رقم غائب ہورہی ہے ۔ اراضیات کے اسکامس ہورہے ہیں ۔ ریت مافیا سرگرم ہوگیا ہے ۔ جرائم کے تمام واقعات میں ملزمین کو حکومت کی پشت پناہی حاصل ہورہی ہے ۔ جس سے جرائم پیشہ افراد بے خوف ہو کر اپنے غیر سماجی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں ۔ ریاست کے عوام کا گورنر نرسمہن اعتماد کھو چکے ہیں ۔ عوامی مسائل پر گورنر سے نمائندگی کرنا بے فیض ثابت ہورہا ہے ۔ راج بھون حکومت کی بھجن منڈلی میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ ارکان اسمبلی سابق ارکان اسمبلی اپنی جان کو خطرہ ہونے کے خدشات کا اظہار کررہے ہیں ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے ۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی کیا صورتحال ہے ۔۔