نارائن کھیڑ میں خیرمقدمی ریالی، محمد طاہر مدینہ اور دیگر کا خطاب
نارائن کھیڑ۔/22فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن کھیڑ میں پارلیمنٹ میں علحدہ ریاست تلنگانہ بل کی منظوری پر اظہار مسرت کرتے ہوئے آج مسلمانان نارائن کھیڑ کی جانب سے بعد نماز جمعہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل پر استقبال تلنگانہ خیرمقدمی ریالی منظم کی گئی جس میں بلاامتیاز سیاسی جماعت تمام مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ریالی جامع مسجد نارائن کھیڑسے نکل کر مستقر کے اہم راستوں سے ہوتے ہوئے مستقر میں واقع راجیو چوک پہنچ کر ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔اس موقع پر مسرز محمد طاہر مدینہ، میر احمد علی، محمد عبدالقیوم عرف ممتاز، محمد عبدالباسط، محمد شبیر احمد نے جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے سیما آندھرا حکمرانوں کی جانب سے علاقہ تلنگانہ اور تلنگانہ عوام کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں، ہٹ دھرمی اور تلنگانہ عوام کو ہونے والے نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے 60 سال گذر جانے کے باوجود علاقہ تلنگانہ کے عوام آندھرائی حکمرانوں کی غلامی میں جکڑے ہوئے تھے اور آندھرائی حکمرانوں کے تسلط کے نتیجہ میں علاقہ تلنگانہ کے عوام اپنے مطالبات کی یکسوئی سے قاصر تھے اور ان حکمرانوں نے علاقہ تلنگانہ کی ترقی کو پس پشت ڈال دیا تھا
لیکن تلنگانہ عوام نے اپنے مطالبات کی یکسوئی کے حل کیلئے ریاست علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے تحریک کا آغاز کیا جس میں علاقہ تلنگانہ کے تمام طبقات ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی تمام طبقات نے جدوجہد تلنگانہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تلنگانہ کے کئی نوجوانوں نے تلنگانہ کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ ان قائدین نے تلنگانہ کیلئے شہید ہونے والے شہیدوں کو بھی بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان تمام سیاسی قائدین سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں اپنا اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران جن سیاسی قائدین نے تشکیل تلنگانہ کے بعد تلنگانہ کے مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی ترقی اور 12% فیصد تحفظات دینے کا وعدہ کیا تھا اس کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں کیونکہ تلنگانہ تحریک میں مسلمانوں نے بھی اپنا اہم رول ادا کیا ہے۔ اس موقع پر مسلمانان نارائن کھیڑ مسرز ایس اے لطیف، مرزا حیدر علی بیگ نواب، دلدار بابو خان، محمد یوسف، محمد اسمعیل، محمد عبدالنجیب، محمد ہاشم علی، محمد ہایت علی، محمد عمران، محمد توصیف، محمد ارشد، محمد عبدالعظیم، محمد فیاض، ایم اے مجید، محمد مقبول احمد، محمد عبدالرحمن، محمد سمید علی، محمد مظہر، عبید، محمد آصف کے علاوہ دیگر مسلم نوجوانوں نے شرکت کی۔