تلنگانہ بل کی منظوری پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر

کورٹلہ میں ٹی اوما ریاستی صدر مہیلا ٹی آر ایس کا اخباری نمائندوں سے خطاب

کورٹلہ۔/22فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شریمتی ٹی اوما ریاستی صدر مہیلا ٹی آر ایس پارٹی نے کورٹلہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم اور عوامی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ 60سالہ جدوجہد آخر کار رنگ لائی۔ انہوں نے کہا کہ جناب کے چندر شیکھر راؤ سربراہ ٹی آر ایس نے اس مہم کو سیاسی مہم میں تبدیل کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہاکہ صدر کانگریس شریمتی سونیا گاندھی، لوک سبھا اسپیکر میرا کماری، بھارتیہ جنتا پارٹی قائد شریمتی سشما سوراج نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی سازش کرنے والے ٹی ڈی پی سربراہ چندرا بابو نائیڈو اور تلگودیشم پارٹی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

انہوں نے اس موقع پر علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم کے دوران اہم رول انجام دینے والے کورٹلہ کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں نے شریمتی اوما کو علحدہ تلنگانہ بل کی پارلیمنٹ میں منظوری پر مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب میں ٹی آر ایس پارٹی قائدین جناب ایس رویندر راؤ، جناب کلواکنٹلہ نریش کمار اور دیگر قائدین نے حصہ لیا۔جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ و صدر ٹی آر ایس پارٹی کورٹلہ ٹاؤن نے اپنے صحافتی بیان میں علحدہ تلنگانہ ریاست کے بل کی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں منظوری پر صدرکانگریس شریمتی سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس پارٹی جناب کے چندر شیکھر راؤ نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں جو جدوجہد کی آخر کار جناب کے چندر شیکھر راؤ کی جدوجہد رنگ لائی اور مرکزی حکومت کو تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم میں سماج کے تمام طبقات نے حصہ لیکر تلنگانہ سے اپنی اٹوٹ وابستگی کا ثبوت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کا سہرا جناب کے چندر شیکھر راؤ کے سرجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم میں تلنگانہ کے مسلمانوں نے دیگر طبقات کے ساتھ شانہ بہ شانہ ملکر حصہ لیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد جناب کے چندرشیکھر راؤ دیگر طبقات کی طرح مسلمانوں کے ساتھ بھی انصاف کریںگے۔