نئی دہلی 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ تلنگانہ بل کو 5 فبروری سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ سشن میں پیش کئے جانے کی امید ہے ٹی آر ایس کیس ربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے کئی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی تاکہ ان سے بل کی منظوری کیلئے تائید حاصل کی جاسکے ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے جنتادل یو کے سربراہ شرد یادو ‘ آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو اور لوک جن شکتی پارٹی کے صدر رام ولاس پاسوان سے ملاقات کی ۔ ٹی آر ایس سر براہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرد یادو نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کا عمل پرامن ماحول میں مکمل ہونا چاہئے ۔
ان کے خْالات کی حمایت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے وقت کسی طرح کی مخاصمت نہیں ہونی چاہئے ۔ جنتادل یو سربراہ نے تاہم یہ واضح کرنے سے گریز کیا کہ ان کی پارٹی اس بل کی تائید کریگی ۔ اس دوران ٹی آر ایس کے ایک اعلامیہ کے بموجب کے سی آر نے تینوں ہی قائدین کو تنظیم جدید آندھرا پردیش بل سے واقف کروایا جسے صدر جمہوریہ نے اسمبلی کی رائے معلوم کرنے روانہ کیا تھا ۔ ٹی آر ایس ذرائع کے بموجب بل کی تائید کرنے کے سی آر کی اپیل پر لالو پرساد یادو اور رام ولاس پاسوان نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقاتیں تلنگانہ بل کی تائید حاصل کرنے ہماری مہم کا حصہ ہیں۔ ٹی آر ایس پولٹ بیورو کے رکن و سابق ایم پی بی ونود کمار نے کہا کہ کے سی آر کل بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ اور بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی سے بھی ملاقت کرنے والے ہیں۔