تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف سیکریٹریز کی آج بات چیت

حیدرآباد۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کے بعد سیکریٹریٹ کی چند عمارتیں جو حکومت آندھرا پردیش کے حوالے کی گئی تھیںت دوبارہ ان عمارتوں کو حاصل کرنے کیلئے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کے چیف سیکریٹریز کا ایک اہم اجلاس 30 اپریل کو تلنگانہ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں چیف سیکریٹری اے پی دنیش کمار، چیف سیکریٹری تلنگانہ ایس کے جوشی ریاست کی تقسیم سے متعلق 23 اُمور پر تفصیلی غور کریں گے اور موجودہ تلنگانہ سیکریٹریٹ کے احاطہ میں آندھرا پردیش کے زیرقبضہ عمارتوں کے علاوہ گورنمنٹ کوارٹرس، نارتھ ایچ بلاک کو حوالہ کرنے کی حکومت تلنگانہ سے خواہش کریں گے۔دونوں ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کی اس نشست میں دہلی کے اے پی بھون کی تقسیم ، اے پی جینکو کو تلنگانہ ڈسکام کمیٹیوں کی جانب سے واجب الادا بقایاجات ، دسویں شیڈول میں 45 اثاثوں ، نقدی کی تقسیم اور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کا امکان ہے۔