تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز

نقل نویسی کی روک تھام کیلئے معقول و موثر انتظامات، پہلے پرچہ کا پُرامن انعقاد
حیدرآباد۔/27 فروری، ( سیاست نیوز)ریاست بھر میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز ہوچکا ہے۔ آج پہلے دن دوسری زبان اردو و تلگو ، سنسکرت، عربک، فرنچ، ہندی، کنڑا اور مراٹھی زبان کے امتحان میں 4,57184 طلبہ نے شرکت کی۔ جبکہ 4,80,415 طلبہ جنرل اوور ووکیشنل کے تحت رجسٹرڈ تھے۔ جن میں 23,231 طلبہ غیر حاضر رہے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے نقل نویسی پر مکمل روک لگانے کیلئے سخت اقدامات جاری ہیں۔ آج پہلے پرچہ کے دن 4 طلبہ کو نقل نویسی کے تحت رنگے ہاتھوں خاطی پایا گیا۔ ورنگل اربن میںضلع میں ایک ، ناگر کرنول میں ایک اور وقارآباد ضلع میں 2 کیس درج کئے گئے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے مطابق بورڈ کی جانب سے اضلاع سوریہ پیٹ، حیدرآباد، میدک، رنگاریڈی اور ونپرتی میں مبصرین کو روانہ کیا گیا تھا۔ تاکہ پرسکون ماحول میں امتحانات کو یقینی بنایا جاسکے۔تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں امتحانات انٹر میڈیٹ کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں ریاستوں میں متعلقہ عہدیداروں نے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش میں انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم کے ملاکر جملہ10,17,600لاکھ طلباء و طالبات امتحانات میں شرکت کررہے ہیں۔ ان امتحانات کے سلسلہ میں ریاست بھر میں جملہ 1430 امتحانی مراکز قائم کئے گئے۔ شریمتی اودئے لکشمی سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آندھرا پردیش کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ تمام امتحانی مراکز میں سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔

ایسے کالجس جہاں طلباء و طالبات کو ہال ٹکٹس فراہم کرنے میں مشکلات پیدا کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ان کالج انتظامیوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی اور طلباء و طالبات کو ان ہراسانیوں سے راحت فراہم کرنے کیلئے راست ویب سائیٹ سے اپنے امتحانی ہال ٹکٹس ڈاون لوڈ کرلینے کی سہولت فراہم کی گئی اور امتحانات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے اور نقل نویسی وغیرہ کے تدارک کیلئے فلائنگ اسکواڈز کو تعینات کرکے انہیں اس بات کی سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر کوئی بھی طالب علم نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے کی صورت میں اس طالب علم کو ماباقی تمام پرچوں سے بھی ڈیبار (DEBAR) کردیا جائے ۔ آج پہلے دن امتحانات کا پرامن انعقاد عمل میں آیا۔ جبکہ طلبہ کو ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پر موجود رہنے کی دی گئی ہدایت کی روشنی میں طلبہ ہدایت کے مطابق ایک گھنٹہ قبل ہی امتحانی مراکز پر پہنچ گئے اور بعد مکمل تنقیح طلبہ کو 8-45 بجے امتحانی ہال میں روانہ کردیا گیا۔جبکہ چند ایک مراکز پر کسی تاخیر سے امتحانی مرکز پہنچنے والے طلبہ کو امتحان میں شرکت کی اجازت دی گئی اور چند ایک مراکز پر کافی تاخیر سے پہنچنے والے طلبہ کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیئے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں بھی امتحانات انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم کے امتحانات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔ جبکہ ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم میں جملہ 9,42,719 لاکھ طلباء و طالبات امتحانات میں شرکت کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش میں امتحانات انٹر میڈیٹ18مارچ تک اور ریاست تلنگانہ میں 16 مارچ تک انٹر میڈیٹ جاری رہیں گے۔