تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کے خلاف عوامی لہر

حیدرآباد /8 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ سے ٹی آر ایس اور آندھرا پردیش سے تلگودیشم کا صفایا ہو جائے گا۔ انھوں نے تلنگانہ وائی ایس آر کانگریس کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر مسز شرمیلا کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ فلموں میں پہلے ویلن کا زور چلتا ہے، مگر آخر میں ہیرو چھا جاتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح فی الوقت تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکمرانی ہے، تاہم وہ دن دور نہیں جب وائی ایس آر سی پی عوام کے دلوں پر راج کرے گی۔ نظام کے خلافت بغاوت کرنے والے کورم بھیم سے سبق حاصل کرکے ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

تلنگانہ میں وائی ایس آر کانگریس کا وجود باقی نہ رہنے کا ادعا کرنے والوں سے وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ جس کے اندر ناانصافی، حق تلفی اور ظلم و زیادتی کے خلاف لڑنے کا جذبہ ہوتا ہے، دنیا اس کی عزت کرتی ہے، جب کہ جنگ لڑنے کے لئے حوصلے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ہم نے اور ہماری ماں نے مقابلہ کیا اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا۔ تاہم جس وقت ہم مسز گاندھی سے مقابلہ کر رہے تھے، ہمارے ساتھ کوئی رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ یا کوئی قدآور لیڈر نہیں تھا۔ ہم اپنے بل بوتے پر آگے بڑھ رہے تھے، جب کہ ہماری ہمت، محنت اور جستجو دیکھ کر عوام اور قائدین ہمارا ساتھ دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اور نریندر مودی کا ہماری ریاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ ہماری تہذیب سے واقف نہیں ہیں اور نہ ہی ہماری زبان جانتے ہیں۔

اگر یہ دونوں قائدین کانگریس اور بی جے پی کے استحکام کے لئے کام کرسکتے ہیں تو ہم تلگو زبان کے جاننے والے بھی تلنگانہ میں اپنی جماعت کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف شاید ایک سال بعد مخالف لہر شروع ہو، لیکن آندھرا پردیش میں صرف چار ماہ میں ہی تلگودیشم حکومت کے خلاف عوامی لہر شروع ہو چکی ہے، لہذا یہ دونوں جماعتیں عوام مخالف لہر میں ایک دن بہہ جائیں گی۔ انھوں نے وائی ایس آر کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوکر ٹی آر ایس اور تلگودیشم میں شامل ہونے والوں سے کہا کہ چار سال بعد جن جماعتوں کے خلاف عوامی لہر شروع ہونے والی، ان جماعتوں میں شریک ہوکر وہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں۔ اس وقت ٹی آر ایس کمزور ہوگی، مگر آنے والے دن وائی ایس آر کانگریس کے لئے روشن ہوں گے۔ انھوں نے کہا ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے جن فلاحی اسکیمات کو متعارف کراتے ہوئے ان پر عمل آوری کی تھی، ان اسکیمات کو رو بہ عمل لانے میں دونوں حکومتیں ناکام ہو چکی ہیں۔